قومی ون ڈے کپ :مزید چار میچوں کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری قومی ون ڈے کپ کے دوسرے راؤنڈ میں مزید چار میچوں کا فیصلہ ہو گیا ۔این بی پی سپورٹس کمپلیکس کلفٹن کراچی میں ہوم ٹیم نیشنل بینک کو پی ٹی وی کے ہاتھوں 7رنز سے اپ سیٹ شکست ہوئی ،پی ٹی پی کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.5 اوورز میں244 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ حسن رضا نے 118گیندوں پر 97 اورسعد شکیل نے 41 رنز بنائے ۔رضا حسن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں نیشنل بینک کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر ہدف کے قریب پہنچ کر ہمت ہارتے ہوئے 237رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔نوید یاسین نے 69 رنزبنائے ۔محمد عرفان نے 45رنز دیکر4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔نیاز سٹیڈیم حیدر آباد میں سوئی سدرن گیس نے کے آرایل کو 87رنز سے مات دیدی۔ سوئی سدرن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر291 رنز بنائے ۔ ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے 71 اوراویس ضیانے 70رنز کی شاندار اننگز کھیلی ، صدف حسین نے 61 رنز کے عوض3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں کے آرایل کی ٹیم احمد جمال اور اسامہ میر کی عمدہ باؤ لنگ کے سامنے 44.1 اوورز میں204 رنز پر پویلین لوٹ گئی ۔حسن رضا 45 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔احمد جمال نے 37 اور اسامہ میر نے 51 رنز دیکر3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایک اور میچ میں سٹیٹ بینک گراؤنڈ کراچی میں ایس این جی پی ایل نے واپڈا کو 7وکٹوں سے ہرادیا۔ واپڈا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر231 رنز بنائے ۔ سلمان بٹ49 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے ۔ منصور امجد نے 39 رنز بنائے ۔ عمران خالد نے تین وکٹیں حاصل کیں ۔ جواب میں ایس این جی پی ایل نے ہد ف44.2 اوورز میں3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ افتخار احمد نے 71رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،محمد رضوان 63رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ خالد عثمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ادھر یوبی ایل گراؤنڈ میں یونائیٹڈ بینک نے حبیب بینک کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حبیب بینک کی ٹیم31.2 اوورز میں صرف104 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔رمیز عزیز نے 72گیندوں پر 30رنز بنائے ،ان کی اننگز میں تین چوکے بھی شامل تھے ،منصور نے بھی سست بلے بازی کی اور 42گیند وں پر 27رنز بنا کر پویلین لوٹے ،عمر گل نے مجموعی سکور میں 15رنز کا حصہ ڈالا ، حبیب بینک کے عاشق علی نے 20رنزدیکر4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، احسان عادل نے 13 اور محمد اصغر نے 40رنز کے عوض 2،2وکٹیں حاصل کیں ۔105 رنز کا آسان ہدف یونائیٹڈ بینک نے ایک وکٹ کے نقصان پر16.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔شان مسعود نے 55 گیندوں پر ناقابل شکست58 رنز سکور کئے جس میں ایک چھکا اور نو چوکے شامل تھے ۔ عمر صدیق نے 38 رنز بنائے ۔ رمیز عزیز نے 13 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔یا درہے کہ ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں بلے باز چھائے رہے تھے جہاں ایک طرف احمد شہزاد نے 162رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تو دوسری جانب شان مسعود بھی بھر پور ایکشن میں دکھائی دئیے اور برق رفتار سنچری داغی ،گزشتہ روز ہونیوالے میچوں میں تمام بلے باز مجموعی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے ۔

error: Content is protected !!