قومی ٹرائنگولر ایک روزہ خواتین چیمپئن شپ، پی سی بی بلاسٹرز نے افتتاحی میچ جیت لیا

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام قومی ٹرائنگولر ایک روزہ خواتین چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ پی سی بی بلاسٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد چیلنجرز کو ایک وکٹ سے ہرادیا۔ گذشتہ روز جمخانہ کلب گراؤنڈ لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں ہی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے کائنات حفیظ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 82 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے سعدیہ اقبال کی 27 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرنا رائیگاں رہا۔ میچ میں فاتح ٹیم کی جانب سے کائنات حفیظ نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔انہوں نے 92 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 89.13 کی اوسط سے رنز بنائے۔

کائنات حفیظ کی اننگز میں 11 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ اوپنر عائشہ ظفر 25 اور آلراؤنڈر عالیہ ریاض 23 رنز بناکر نمایاں رہیں جبکہ کپتان رامین شمیم نے آخری اوورز میں زمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 20 رنز بناکر ٹیم کو فتح دلادی۔ پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے سعدیہ اقبال نے 10 اوورز میں 27 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حفصہ امجد نے 10 اوورز میں 30 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل پی سی بی چیلنجرز کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاجو کارگر ثابت نہ ہوسکا۔

ٹیم کی دونوں اوپنرز 12 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئیں۔ کپتان بسمعہ معروف بھی حریف باؤلرز کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کرسکیں۔ وہ 33 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے شامل تھے۔ لوئر آرڈر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ارم جاوید نے 32، نتالیہ پرویز نے 29 اور ڈیانا بیگ نے 27 رنز بنائے۔ پی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے عالیہ ریاض نے 10 اوورز میں 41 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

الماس اکرم، طوبہٰ حسن اور نشرہ سندھو نے 1،1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ایونٹ کا دوسرا میچ 18 ستمبر کو پی سی بی بلاسٹرز اور پی سی بی ڈائنامائٹس کے درمیان کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!