قومی کرکٹرز کو سالانہ سینٹرل کنٹریکٹ دینے کے حوالے سے پی سی بی کا اہم اجلاس کل ہو گا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹرز کو سال 2019-20کیلئے سالانہ سینٹرل کنٹریکٹ دینے کے حوالے سے پی سی بی کا اہم اجلاس کل جمعرات کو ہو گا۔ شعیب ملک اور محمد حفیظ سمیت 4سے 5معروف کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست سے ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ شرکا اجلاس میں کریں گے۔ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی تنخواہوں اور میچ فیس میں 20فیصد اضافہ کرنے پر اتفاق ہوچکا ہے، صرف ٹیسٹ ٹیم میں ملک کی نمائندگی کرنے والوں کی میچ فیس میں زیادہ اضافے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ایم ڈی وسیم خان کی سرابرہی میں مدثر نذر، ہارون رشید اور ذاکر خان کے ساتھ ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی مجوزہ کھلاڑیوں کی فہرست پر مشاورت کریں گے۔ آرتھر کا پی سی بی سے معاہدہ 15اگست تک ہے جس میں اب مزید توسیع کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ سال 2018اور 19کے لیے 33کھلاڑی اے، بی، سی، ڈی اور ای کیٹگری میں ماہانہ تنخواہ لیتے رہے ہیں۔ گزشتہ برس تنخواہ پانے والے بہت ایسے کھلاڑی بھی تھے جو ٹیم کی بہت کم نمائندگی کر پائے یا بالکل ہی نہیں کھیلے۔پی سی بی نے اب اس تعداد کو کم کرکے 15سے 20کے درمیان محدود کرنے کا فیصلہ کیاہے، اجلاس میں اس بات کا تعین بھی کیا جائے گا کہ کتنے اور کن کھلاڑیوں کو اس لسٹ میں شامل کیاجائے۔ذرائع کے مطابق تینوں یا پھر 3فارمیٹ میں قومی ٹیم کا مستقل حصہ بننے والوں کو ترجیح دی جائے گی، جو لڑکے فہرست میں جگہ نہیں پاسکیں گے وہ مجوزہ ڈومیسٹک کرکٹ میں صوبائی ٹیموں کی جانب سے کنٹریکٹ پانے کے اہل ہوں گے۔ نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دیے جانے پر سلیکٹرز کی سفارش پر اس فہرست میں 2سے 3مزید کھلاڑیوں کو جگہ دی جاسکے گی۔اجلاس میں مشاورت کے لیے جس فہرست کو تیار کیا گیاہے اس میں بابر اعظم، سرفراز احمد، اظہرعلی، محمد حفیظ، فہیم اشرف، اسد شفیق، حسن علی، محمد عامر، فخر زمان، شاداب خان، محمد عباس، حارث سہیل، وہاب ریاض، جنید خان، امام الحق، عثمان خان شنواری، شان مسعود، عماد وسیم، آصف علی، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی ہیں۔ مشاورت کے بعد اس فہرست کو مزید کم کرکے انہیں مختلف کیٹگریز میں تقسیم کرکے فہرست کو فائنل کیے جانے کا امکان ہے۔

error: Content is protected !!