قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان دو ماہ سے تنخواہ سے محروم

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی  اے) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت 90 سے زائد کھلاڑیوں کی حاضری نہ لگانے کی وجہ سے دو ماہ کی تنخواہیں روک لی ہیں۔سرفراز احمد ڈومیسٹک کرکٹ میں پی آئی اے کی نمائندگی کرتے ہیں اور اس کے ملازم ہیں لیکن مسلسل غیر حاضر ہونے کی وجہ سے ان کی دو ماہ تنخواہ روک دی گئی ہے۔اسی طرح پی آئی  اے ہاکی، فٹبال اور دیگر کھیلوں کے کئی کھلاڑی بھی تنخواہوں کو ترس گئے ہیں۔ ان میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور کئی اولمپئنز بھی شامل ہیں۔ پی آئی اے کے کھلاڑی تربیتی کیمپ اور غیر ملکی دوروں کی وجہ سے حاضری سے مستثنی ہوتے ہیں۔پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور نے اس معاملے پر نجی ٹی وی کو بتایا کہ کسی بھی کھلاڑی کی تنخواہ جان بوجھ کر نہیں روکی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹائم مینجمنٹ سسٹم کی وجہ سے جب تک ملازم حاضری نہیں لگائے گا تو خود بخود اس کی تنخواہ رک جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرفراز سمیت دیگر کھلاڑی حاضری سے مستثنی ہیں، سسٹم میں کھلاڑیوں کے نام اپ ڈیٹ نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے تنخواہ کا معاملہ سامنے آیا ہے تاہم ایک دو روز میں کھلاڑیوں کی تنخواہوں کا معاملہ حل ہوجائے گا۔

error: Content is protected !!