لاہور قلندرز کو آخری میچوں میں تبدیلی کا خیال آگیا

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ): پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر اور لاہور قلندرز کے نائب کپتان فخر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز میں ٹیم میں تبدیلیاں کی جائیں گی، امید ہے یہ ٹیم کے لیے اچھی ثابت ہوں گی۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اوپنرز اچھا آغاز دے رہے لیکن ان کو لمبا کھیلنا چاہیے کیوں کہ ہمارا مڈل آرڈر فارم میں نہیں ہے، سینئر کھلاڑیوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

فخر زمان نے کہا کہ کرکٹ میں آپ کو ہر وقت اچھے کی امید رکھنی چاہیے، ہم بھی پرامید ہیں کہ بقیہ تمام میچ جیت جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شکستوں کے باوجود ٹیم کا ماحول اچھا ہے لیکن ہارنے کے بعد مایوسی تو ہوتی ہے اس لیے لڑکے تھوڑے مایوس ہیں، ٹیم مینجمنٹ اس حوالے سے مطمئن ہے کہ لڑکے اچھا کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن جیت نہیں مل پارہی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں امپائر کے فیصلے پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ریویو لینا چاہتے تھے لیکن امپائر نے کہا کہ آپ کے پاس ریویو نہیں ہے۔

تاہم فخر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی شکست کی وجہ وہ فیصلہ نہیں تھا، کرکٹ میں انسان سے غلطی ہوجاتی ہے، ہم صرف 120 کے قریب رنز کا تعاقب کررہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں یہ چیزیں چلتی رہتی ہیں، کبھی کبھار ہم آؤٹ ہوتے ہیں اور امپائر آؤٹ نہیں دیتا۔

لاہور قلندرز کے نائب کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل ہماری زندگی میں تبدیلی لائی ہے، اس کی وجہ سے کافی کھلاڑیوں کا کریئر تبدیل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اور شاداب پی ایس ایل میں کارکردگی دکھاکر ٹیم کا حصہ بنے، پاکستان کرکٹ کو اس سے بہت فائدہ ہوا ہے کیوں کہ ہم یہاں غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہے ہوتے ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھتے ہیں۔

error: Content is protected !!