لاہور قلندرز کو 160رنز کا ہدف

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) تھری کے آٹھویں میچ میں ایونٹ کی سرفہرست ٹیم کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنالئے ہیں۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں پی ایس ایل تھری میں کوئی کامیابی نہ سمیٹ پانے والی لاہور قلندرز کی ٹیم کو جیت کے لئے160 رنز کا ہدف ملا ہے۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، خرم منظور اور جوئے ڈینلی نے 36 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

پہلے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین جوئے ڈینلی تھے، جو تیزی سے اسکور میں اضافہ کررہے تھے، انہیں یاسر شاہ نے 28 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔

 

کراچی کنگز کی دوسری اور تیسری وکٹ اسکور میں اضافہ کئے بغیر ہی گر گئی، ون ڈائون پوزیشن پر آنے والے بابر اعظم صفر رنز کو مستفیض الرحمن نے ایل بی ڈبلیو کیا تو اگلے ہی اوور میں سنیل نارائن نے خرم منظور کو عمر اکمل کی مدد سے قابو کرلیا۔

لاہور قلندرز کو یک بعد دیگرے 3 وکٹ ملنے کی وجہ سے عماد وسیم الیون وقتی طور پر پریشر میں آگئی، جس کے بعد روی بھوپارا اور کولن انگرم نے50 قیمتی رنز کی شراکت قائم کی۔

اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے لاہور قلندرز کے بالرز کی ایک نہ چلنے دی، اس بار بھی یاسر شاہ ترپ کا پتہ ثابت ہوئے، جنہوں نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 28 رنز بنانے والے انگرم کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

کراچی کنگز کی پانچویں وکٹ 2 رنز کے اضافے کے بعد ہی گر گئی، محمدرضوان 1رنز کو سنیل نارائن نے برینڈن مکلم کی مدد سے میدان بدر کردیا۔

لاہور قلندرزکو چھٹی وکٹ 110کے اسکور پر مل گئی، کپتان عماد وسیم 15رنز کا سہیل خان نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑلیا، ایونٹ میں پہلا میچ کھیل رہے سہیل خان کی یہ پہلی وکٹ تھی۔

شاہد خان آفریدی نے آتے ہی سہیل خان کو چھکا رسید کیا تو اگلی بال پر گیند بائونڈری لائن پر کھڑے سہیل اختر کو تھما دی، یوں سہیل خان کو ایک ہی اوور میں2 وکٹیں مل گئیں۔

8 ویں وکٹ پر روی بھوپارا 50 اور محمد عرفان جونیئر 16رنز ناٹ آئوٹ نے 159رنز کے مجموعے میں 42 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔

لاہور قلندرز کی طرف سے یاسر شاہ ، سنیل نارائن اور سہیل خان نے 2وکٹیں حاصل کیں جبکہ مستفیض الرحمٰن نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

error: Content is protected !!