لاہور میں دہشتگردی سے متاثرہ سابق سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان نے دورہ پاکستان بارے بڑی بات کہہ دی

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)ایم سی سی کے صدر اور سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا نے ایم سی سی کے دورہ پاکستان کا عندیہ دے دیا اور ساتھ یہ بھی بتایا کہ میں بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہوں۔ایک انٹرویو میں ان سے پوچھا گیا کہ آپ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کو کس طرح دیکھتے ہیں؟ انہوں نے جواب دیا کہ سری لنکا کا دورہ پاکستان دیکھ کر بہت اچھا لگا اور ردعمل سے واضح ہے کہ یہ ایک بہترین دورہ تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا کے کھلاڑیوں نے بھی دورہ پاکستان کو خوب انجوائے کیا، وہاں سیکیورٹی انتظامات بھی سخت تھے اور پاکستان میں مہمان کھلاڑیوں کو تمام سہولیات بھی فراہم کی گئیں تھیں۔سنگاکارا نے بتایا کہ ایم سی سی بھی اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کے لیے بات غور کر رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پی سی بی کے مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان بھی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں ایم سی سی کو سیکیورٹی کے اعتبار سے مختلف منصوبے بھی پیش کیے اور بتایا کہ یہ دورہ کس طرح ہوسکتا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سنگا کارا نے کہا کہ اگر ایم سی سی کا دورہ پاکستان منعقد ہوجائے تو یہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے ایک غیر معمولی پیشرفت ہوگی۔سنگاکارا نے کہا کہ پاکستان نے سیکیورٹی کے اعتبار سے بہت کچھ کیا ہے، یہاں آہستہ آہستہ لیکن یقین طور پر کرکٹ بحال ہوجائے گی اور پاکستانی کھلاڑی اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے میچز کھیل رہے ہوں گے۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ پاکستان جانے کے لیے تیار ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ اگر ایم سی سی کا دورہ ممکن ہوا تو میں اس کا حصہ ہوں گا۔خیال رہے کہ پاکستان میں کرکٹ سمیت دیگر بین الاقوامی کھیلوں کے دروازے اس وقت بند ہوگئے تھے جب 3 مارچ 2009 کو سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گرد حملہ ہوا۔

error: Content is protected !!