لیثرر لیگس کارپوریٹ لیگ‘ کوکا کولا‘ حلال فوڈزفتحیاب


کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے ایم سی اسٹیڈیم کی سرسبز فیلڈ پر محمد اویس کے 2گولز نے حلال فوڈز کو ونڈرز ورکس پر 2-0کی سبقت دلا کرلیثرر لیگس سیون اے سائیڈ کارپوریٹ لیگ میں اہم کامیابی سے ہمکنار کردیا۔محمد اویس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ایونٹ میں 8ٹیمیں ونڈرورکس، درازگروپ، ہنڈائی لبریکنٹس، کوکا کولا، کراچی یونائیٹڈ، پی ایس او، لیثررلیگس اور حلال فوڈزکی ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر حصہ لے رہی ہیں۔ فائنل راؤنڈ کے میچز 21اپریل کو مکمل ہوجائیں گے جبکہ سیمی فائنل اور فائنل 22اپریل کو کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم، کلفٹن پر کھیلے جائیں گے۔ شریک ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ ایک ایک بار نبردآزما ہونگی۔ ہر ٹیم گروپ میں7,7میچز کھیلے گی۔ ٹاپ 4ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ایونٹ میں جملہ31میچز کھیلے جائیں گے۔گروپ میچز ہفتہ وار کھیلے جارہے ہیں جبکہ 22اپریل کو سیمی فائنل اور فائنل کھیلا جائیگا۔کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم کلفٹن پر کھیلے گئے میچوں میں ونڈ رورکس مقررہ وقت میں اپنی آمد کو یقینی نہ بناسکی اور حریف پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو واک اوور مل گیا۔ کوکا کولا نے شاندار آغاز کرتے ہوئے حریف حلال فوڈز کو 3-0کی شکست کا داغ لگایا۔ کامران میچ کے ہیرو تھے جنہوں نے کوکاکولا کی جانب سے 2گول اسکور کرکے مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کیا جبکہ ایک گول فاتح ٹیم کی جانب سے فہد نے اسکور کیا۔ہنڈائی لبریکنٹس اور کوکاکولا کے مابین 1-1کی برابری پر ختم ہوا۔ ہنڈائی کے حفیظ نے گیند کو جال میں پہنچا کر پہلے اپنی ٹیم کو 1-0سے آگے کیا بعدازاں عمرمرزا نے گیند کو درست نشانہ پر پھینک کر فائنل وسل سے قبل مقابلہ 1-1سے برابر کردیا۔حفیظ مین آف دی میچ رہے۔دراز گروپ اور ونڈر ورکس کے مابین مقابلہ مقررہ وقت میں بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دونوں ٹیمیں گیند کا رخ جال کی جانب نہ موڑسکیں۔ونڈرورکس کے گول کیپر اخلاق مردمیدان قرار پائے۔پی ایس اور اور دراز گروپ کا میچ بھی برابری پر اختتام پذیر ہوا تاہم اس میچ میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک بار گیند کو جال کے حوالے کیا۔پی ایس او کے زرق اور ہنڈائی کے عبداﷲ نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ زرق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔دراز گروپ اور کوکا کولا کے مابین میچ کا بھی کوئی نتیجہ برامد نہ ہوسکا۔ کوکا کولا کے حمزہ کے کئے ہوئے کول کا خاتمہ مہر نے آخری لمحات میں برابری میں تبدیل کردیا۔کوکاکولا کے کامران مین آف دی میچ قرار پائے۔دراز گروپ نے پی ایس او کیخلاف انتہائی برق رفتار کھیل کا مظاہرہ کیا 4-1کی واضح اسکورلائن سے فتح اپنے نام کی۔

حمزہ نے 2بار گیند کو جال میں ڈالا جبکہ ایک ایک بار یہ موقع وحید اورامتیاز کو ملا۔زرق نے اپنی ٹیم کے خسارے کو کم کیا۔حمزہ میچ کے بہترین کھلاڑی رہے۔دوسرے ہفتہ کی سب سے بڑی فتح میزبان لیثررلیگس کے ہاتھ لگی جب انہوں نے کوکاکولا کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی اور 5-0کی شکست کا داغ انہیں لگایا۔فاتح ٹیم کیلئے اورنگ زیب بے 2بار درست نشانے لگائے اور ایک ایک بار سمیر ، راشد اور ایاز کے نشانے درست سمت میں گئے۔لیثرر لیگس کو ایک اور آسان کامیابی ملی اور انہوں نے پی ایس او کیخلاف بھی عمدہ ٹیم ورک کامظاہرہ کرتے ہوئے 4-0کی فتح کو ریکارڈ کا حصہ بنایا۔ ایاز نے فاتح ٹیم کیلئے ہیٹ ٹرک اسکور کی جبکہ ایک گول مہر بخش کے نام رہا۔ایاز مین آف دی میچ قرار پائے۔لیثرر لیگس کو اپنے تیسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہوم گراؤنڈ کی کراچی یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔نور علی اور یوسف نے فاتح ٹیم کیلئے ایک ایک بار گیند کو جال میں پھینکا جبکہ اورنگ زیب نے اپنی ٹیم کے خسارے کو 1-2کیا۔یوسف میچ کے بہترین کھلاڑی منتخب ہوئے۔کراچی یونائیٹڈ کو مزید ایک اور کامیابی حاصل ہوئی جب انہوں نے دراز گروپ کو 2-1کی شکست سے دوچار کیا۔ فیصل اور نور علی ایک ایک گول کرنے میں کامیا ب رہے ۔ دراز گروپ کا واحد گول حذیفہ نے اسکور کیافیصل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ابتدا میں ایونٹ کواولمپئن افتخار سید اکیڈمی گراؤنڈ ، گلشن پر منعقد کرنے کا پلان کیا گیا تھا لیکن ناگزیر وجوہات کی بناء پر اسے کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم کلفٹن منتقل کردیا گیا جہاں بقیہ تمام میچز کھیلے جائیں گے۔

error: Content is protected !!