مالی بحران سے دوچار زمبابوے کرکٹ بورڈ کا پاکستان کرکٹ کیلئے بڑا اعلان

ہرارے(سپورٹس لنک رپورٹ)زمبابوے کرکٹ اس وقت شدید ترین مالی بحران سے دوچار ہے تاہم اس کے باوجود اس نے پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کو یقین دلایا ہے کہ زمبابوے جولائی-اگست میں پاکستانی ٹیم کی میزبانی کے لئے تیار ہے۔یہ یقین دہانی ایسے وقت میں کرائی گئی ہے جب زمبابوے کرکٹ کے پاکستان سے تعلق رکھنے والے منیجنگ ڈائر یکٹر فیصل حسین نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔فیصل حسین نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے آئی سی سی فنانس ڈپارٹمنٹ میں کئی سال تک ذمے داری نبھائی تھی۔گذشتہ سال انہوں نے آئی سی سی کی ملازمت کو خیر باد کہہ کر زمبابوے کرکٹ میں ملازمت کر لی تھی۔پاکستان، آسٹریلیا اور زمبابوے کے درمیان تین قومی ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ یکم جولائی سے ہرارے اسپورٹس کلب میں ہوگا۔ڈبل لیگ کے اس ٹورنامنٹ کا فائنل بھی ہرارے میں ہوگا۔13سے22جولائی تک پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پانچ ون ڈے انٹر نیشنل میچ ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کرکٹ کرپشن الزامات کی زد میں ہے۔کول کتہ میں آئی سی سی میٹنگ میں زمبابوے کے اہم حکام نے شرکت نہیں کی۔زمبابوے نے آئی سی سی سے مالی مدد کی درخواست کی جسے آئی سی سی نے مسترد کردیا اور واضح کیا کہ اگر زمبابوے کرکٹ کے معاملات درست نہ ہوئے تو اسے پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے انٹرنیشنل آپریشن کے ایک افسر نے زمبابوے کرکٹ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے یقین دہانی مانگی۔زمبابوے کرکٹ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان ٹیم کی میزبانی کرنے کو تیار ہیں۔تین قومی ٹورنامنٹ اور پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز پروگرام کے مطابق ہوگی۔

error: Content is protected !!