محمد حفیظ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کیخلاف استعمال کی گئی شرٹ پائلٹ حسن صدیقی کو تحفے میں دینگے

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز محمد حفیظ نے بھارت کے خلاف چیمئنز ٹرافی 2017 کے درمیان استعمال کی گئی شرٹ بھارتی طیارہ گرانے والے پاک فضائیہ کے ہیرو حسن صدیقی کو بطور تحفہ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔بھارت کی جانب سے 25 اور 26 فروری کی درمیانی شپ پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی اور بھارتی طیارے دراندازی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں بھی داخل ہوئے لیکن پاک فضائیہ کی بروقت اور بھرپور کارروائی کے باعث بھارتی طیارے راہ فرار اختیار کر گئے۔بھارتی طیاروں نے 27 فروری کو ایک بار پھر پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی لیکن اس بار پاک فضائیہ کے جوانوں نے بھارتی طیاروں کو راہ فرار کا موقع نہ دیا اور دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا۔بھارتی فضائیہ کا ایک طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گرا جب کہ دوسرا طیارہ آزاد کشمیر میں گرا جس کے پائلٹ کو بھی پاکستان نے حراست میں لے لیا تھا۔وزیراعظم پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے بعد بھارت کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان کیا اور بھارت کو ایک بار پھر امن کا پیغام دیا لیکن بھارت کی جانب سے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا گیا اور میڈیا پر بڑے پیمانے پاکستان مخالف پروپیگنڈا شروع کر دیا گیا۔پاک فضائیہ کے جن دو پائلٹس نے بھارتی طیاروں کو نشانہ بنایا ان میں حسن صدیقی اور ونگ کمانڈر نعمان علی خان شامل تھے۔دشمن کو کرارا جواب دینے پر پوری قوم کی جانب سے پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔قومی ٹیم کے سابق کپتان اور ابتدائی بلے باز محمد حفیظ نے بھی سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا۔حفیظ نے کہا کہ 27 فروری کو پورے پاکستان کا نام فخر سے بلند کرنے والے پاک فضائیہ کے پائلٹ حسن صدیقی کو سلام۔انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہو گی کہ میں 2017 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں استعمال کی گئی شرٹ حسن صدیقی کو پیش کر کے ان کے ساتھ جیت کے لمحات شیئر کروں۔خیال رہے کہ پاکستان نے 2017 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو 180 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔

error: Content is protected !!