محمد حفیظ کا بڑا اعلان۔۔

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کی سرزمین پر کھیلے جانے والے 12ویں آئی سی سی ورلڈ کپ کے 8میچوں میں 31.62کی اوسط سے 253رنز بنانے والے قومی ٹیم کے سابق کپتان محمدحفیظ کا ون ڈے کرکٹ سے علیحدہ ہونے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں۔17اکتوبر 1980ء کو سرگودھا میں پیدا ہونے والے سابق ٹیسٹ کپتان اس وقت لندن میں ہیں اور مستقبل میں کینیڈا میں ہونے والی ٹی 20لیگ کھیلنے روانہ ہوں گے۔آل راؤنڈر نے 3جون کو انگلینڈ کے خلاف 62 گیندوں پر 135کے اسٹرائیک ریٹ سے 84رنز بنانے کے ساتھ انگلش کپتان مورگن کی وکٹ بھی حاصل کی تھی۔ٹرینٹ برج پر کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں جہاں پاکستان نے 14رنز سے فتح حاصل کی تھی، محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔محمد حفیظ جنہوں نے گزشتہ سال دسمبر میں شیخ زید اسٹیڈیم ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے بعد طویل دورانیے کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، آنے والے دنوں میں ون ڈے اور ٹی 20کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی جاری رکھنے کے خواہش مند ہیں۔38سال کے محمد حفیظ جنہوں نے 218 ون ڈے میں 6614 رنز گیارہ سینچریوں کے ساتھ بنانے کے علاوہ 38.84کی اوسط سے 139وکٹیں حاصل کی ہیں، خواہش رکھتے ہیں کہ مثبت انداز میں ایک دن کی کرکٹ سے اس وقت تک وابستہ رہیں گے، جب تک وہ سمجھتے ہیں کہ وہ قومی ٹیم کے لئے کردار ادا کر سکتے ہیں۔3اپریل 2003ء کو شارجہ میں زمبابوے کے خلاف پہلا بین الاقوامی ون ڈے کھیلنے والے محمد حفیظ نے ایک ٹیسٹ، 2ون ڈے اور 29 ٹی 20میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیئے ہیں۔محمد حفیظ جو پاکستان سوپر لیگ کی سب سے زیادہ مقبول فرنچائز ’’لاہور قلندر‘‘ کے سیزن ’’فور‘‘ 2019ء میں کپتان رہے، آئندہ سال اکتوبر میں آسڑیلیا کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔

error: Content is protected !!