محمد حفیظ کے مستقبل پر غیر یقینی کے باد ل چھا گئے


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ایک سال بعد انگلینڈ میں ہونا ہے۔ میگا ایونٹ کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا پول تیار ہے اس پول میں تجربہ کار بیٹسمین اور آف سپنر محمد حفیظ بھی ہیں لیکن خراب فارم کے سبب انہیں پاکستان ٹیم میں مستقل جگہ بنانے میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ وہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا اعتماد کھو چکے ہیں۔اس لئے اگر وہ میچ وننگ کارکردگی کے ساتھ ٹیم میں نہ آئے تو یونس خان ، مصباح الحق اور شاہد آفریدی کے بعد ایک اور سینئر کھلاڑی کو ریٹائرمنٹ لینا ہوگی۔ مکی آرتھر نوجوانوں کو ٹیم میں شامل کرنے کی پالیسی پر قائم ہیں۔ گرین شرٹس کے لیے 50ٹیسٹ اور 200ون ڈے اور83ٹی ٹونٹی کھیلنے والے حفیظ جمعہ کو زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میں سکواڈ کا حصہ نہیں ہونگے۔اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق کریں گے۔ ون ڈان پر بابر اعظم آئیں گے۔ چیف سلیکٹرانضمام الحق کے بھتیجے امام الحق کی ناکامی کی صورت میں پروفیسر حفیظ کو ایک اور لائف لائن مل سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر انہیں زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے ابتدائی میچوں میں نہیں کھلانا چاہتے ہیں۔37سالہ محمد حفیظ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں سات اور دوسرے میں کوئی رن نہیں بناسکے تھے، جس کے بعد دو میچوں میں حارث سہیل اور آسٹریلیا کے خلاف فائنل میں صاحبزادہ فرحان نے شرکت کی۔ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پہلے ون ڈے میں محمد حفیظ ، لیگ سپنر یاسر شاہ اور فاسٹ بالر جنید خان ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی برطانیہ روانگی سے قبل مکی آرتھر اور انضمام الحق کی لڑائی کی بڑی وجہ بھی محمد حفیظ کی سلیکشن تھی اس وقت مکی آرتھر ڈٹ گئے تھے۔

error: Content is protected !!