محمد عامر کو صرف اہم میچوں میں استعمال کیا جائے،عامر سہیل

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا ہے کہ محمد عامر کو انجریز اور تھکاوٹ سے بچانے کیلئے صرف اہم میچز میں ہی استعمال کرنا چاہئے۔ایک گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ بالر کیلئے ٹیم انتظامیہ کو ایسی پالیسی بنانی چاہئے جس سے بائیں ہاتھ کے پیسر کا کیریئر مختصر ہونے کے بجائے طوالت اختیار کر جائے۔واضح رہے کہ قومی فاسٹ بالر محمد عامر کے حوالے ان دنوں اس بحث نے جنم لیا ہے کہ تینوں فارمیٹ میں کھیلنے سے وہ مشکلات سے دوچار ہو رہے ہیں لہٰذا ان کا بوجھ کم کرنا چاہئے۔آئرلینڈ کیخلاف واحد ٹیسٹ میں بھی انہیں گھٹنے کی انجری کے بعد لنگڑاتے ہوئے میدان چھوڑنا پڑا تھا جبکہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں وہ کندھے کی تکلیف کا شکار ہو گئے تھے۔ محمد عامر نے درخواست کی تھی کہ زمبابوین ٹور کے دوران انہیں آرام دیا جائے تاہم ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اسے منظور نہیں کیا۔ عامر سہیل کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کے پاس ایسی پیس بیٹری نہیں کہ ٹیم محمد عامر کو مکمل آرام دینے کی متحمل ہو سکے یا ان کی جگہ کوئی متبادل بالر استعمال کیا جائے خاص کر ٹیسٹ میچوں میں ان کا کوئی متبادل نہیں لہٰذا ٹیم انتظامیہ ایسی پلاننگ کرے جس سے محمد عامر کو میچز کے دوران ہی آرام مل جائے۔ عامر سہیل کا کہنا تھا کہ محمد عامر کی طرح کئی اور پاکستانی کھلاڑی بھی اسی سوچ کے حامل ہوں گے کہ انہیں طویل فارمیٹ کی کرکٹ نہ کھیلنا پڑے لہٰذا ٹیم انتظامیہ کو چاہئے کہ تمام کھلاڑیوں کو روٹیشن پر آرام دینے کی پالیسی بنائے تاکہ اہم کھلاڑیوں کو ممکنہ انجریز اور تھکاوٹ سے بچایا جاسکے۔

error: Content is protected !!