مشن ورلڈ کپ،پاکستانی ٹیم نوٹنگھم پہنچ گئی

ناٹنگھم (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم مشن ورلڈ کپ شروع کرنے پیر کو کارڈف سے ناٹنگھم پہنچ گئی ہے۔رابن ہڈ کا شہرورلڈ کپ کے ابتدائی دو میچوں میں پاکستانی ٹیم کی میزبانی کرے گا۔جمعہ کو پاکستان کا میچ دو مرتبہ کی سابق چیمپین ویسٹ انڈیز اور اس کے بعد دوسرا میچ میزبان انگلینڈ سے ہوگا۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر ،چیف سلیکٹر انضمام الحق کی مشاورت سے گیارہ کھلاڑیوں کی ٹیم تشکیل دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرینٹ برج کی پچ دیکھ کر ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز فیصلہ کریں گے کہ پاکستان سات بیٹسمینوں کے ساتھ جائے گا یا چھ بیٹسمینوں کے ساتھ میدان میں اترے گا۔امکان ہے گیارہ رکنی ٹیم میں تجربہ کار شعیب ملک اور محمد حفیظ کو ایک ساتھ جگہ ملنا مشکل دکھائی دے رہی ہے۔فخر زمان اور امام الحق پاکستانی اننگز کا آغاز کریں گے۔

تیسرے نمبر پر بابر اعظم آئیں گے۔آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک بابر اعظم کو پاکستانی ویرات کوہلی کا خطاب دے چکے ہیں۔چوتھے نمبر پر حارث سہیل کھیلیں گے۔جبکہ پانچواں نمبر کپتان سرفراز احمد کے لئے مخصوص ہے۔چھٹی پوزیشن پر محمد حفیظ اور شعیب ملک میں مقابلہ ہے۔بولنگ کے ایڈوانٹیج کی وجہ سے شعیب ملک کو الیون میں جگہ ملنا مشکل ہے۔جبکہ دوآل راونڈرز عماد وسیم اور شاداب خان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔فاسٹ بولنگ کی ذمے داریاں حسن علی،محمد عامر اور وہاب ریاض نبھائیں گے۔

اگر پاکستان ایک اضافی بیٹسمین کو کھلاتا ہے تو عماد وسیم کی جگہ آصف علی ٹیم میں شامل ہوں گے جبکہ دس اوورز محمد حفیظ،حارث سہیل اور فخر زمان کرائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے پاکستانی کھلاڑیوں پر واضح کردیا ہے کہ انہیں جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہوگی کیوں کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس اب غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔

error: Content is protected !!