مصباح الحق ہیڈکوچ ااور چیف سلیکٹر، وقار یونس بائولنگ کوچ مقرر

لاہور(جی سی این رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے عہد کپتانی میں قومی ٹیم کو عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم بنوانے والے مصباح الحق کو چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا جبکہ سابق کوچ وقار یونس کو باؤلنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ کے امور میں شفافیت اور احتساب کا نظام لانے کے لیے مصباح الحق کو چیف سلیکٹر کا عہدہ بھی سونپ دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں پی سی بی نے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس کو اس مرتبہ ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کے بعد سلیکشن کمیٹی اور کوچنگ اسٹاف کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔سابق کوچ مکی آرتھر نے خواہش کا اظہار کیا تھا کہ انہیں آئندہ برس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020 کے لیے قومی ٹیم کا کوچ برقرار رکھا جائے تاہم انہوں نے پی سی بی کے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔گزشتہ ماہ 29 اگست کو پی سی بی کے 5 رکنی پینل نے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے سابق کپتان مصباح الحق، سابق ٹیسٹ بیٹسمین محسن حسن خان اور آسٹریلیا کے سابق بلے باز ڈین جونز (ویڈیو لنک کے ذریعے) کے انٹرویو کیے تھے۔

اسی طرح باؤلنگ کوچ کے لیے وقار یونس نے انٹرویو دیا جبکہ اس دوڑ میں شامل دوسرے امیدوار محمد اکرم سابق کوچ کے حق میں دستبردار ہوگئے تھے۔اسی طرح باؤلنگ کوچ کے لیے ویسٹ انڈیز کے فاسٹ باؤلر کورٹنی واش کا بھی انٹریو ہونا باقی تھا۔پی سی بی نے سابق باؤلنگ کوچ اظہر محمود کو بھی بطور باؤلنگ کوچ نیا معاہدہ نہیں دیا تھا، جس پر اظہر محمود نے کہا تھا کہ انہیں کہا گیا کہ نئے لوگوں کو موقع دیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے 9 اگست کو اشتہار جاری کیا تھا اور کہا گیا تھا کہ ہیڈ کوچ کے انتخاب کا عمل ستمبر کے آغاز میں مکمل کرلیا جائے گا تاکہ 27 ستمبر سے سری لنکا کے خلاف ہونے والی سیریز سے قبل نیاہیڈ کوچ چارج سنبھال سکیں۔

error: Content is protected !!