مکی آرتھر آج چیئرمین احسان مانی سے کیوں ملاقات کر رہے ہیں،کیا درخواست کرینگے؟

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ کےچیئرمین احسان مانی نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر پیر کو لندن میں مجھ سے ملنے آرہے ہیں۔ پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان بھی ملاقات میں موجود ہوں گے۔اتوار کو لندن میں ایک انٹرویو میں احسان مانی نے کہا کہ یہ ملاقات مکی آرتھر کی درخواست پر ہورہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر چیئرمین کو اپنے تین سالہ دور کے بارے میں بتائیں گے اور ان سے درخواست کریں گے کہ مجھے معاہدے میں توسیع دے کر ٹیم میں تسلسل لایا جائے۔بار بار تبدیلی سے ٹیم نہیں بن سکتی۔ احسان مانی نے کہا کہ مکی آرتھر نے مجھ سے ملنے کی درخواست کی تھی میں نے کہا کہ میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہوئے ہیں۔ یہ ملاقات مکی کی درخواست پر ہورہی ہے۔مجھے نہیں معلوم مکی آرتھر کس ایجنڈے کے تحت مجھ سے ملنا چاہتے ہیں لیکن میں ان سے مل کر ان موقف سنوں گا۔وسیم خان بھی برمنگھم سے لندن پہنچ رہے ہیں۔ احسان مانی نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ سیمی فائنل کے لئے کوالی فائی نہیں کرسکی، لیکن آخری چار میچوں میں ٹیم جس طرح جیتی ہے،اس کی جس قدر تعریف کی جائے وہ کم ہے۔واضح رہے کہ مکی آرتھر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2016میں وقار یونس کی جگہ کوچ مقرر کیا تھا۔ 2017 میں پاکستان ٹیم نے ان کی کوچنگ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں فتح حاصل کی۔ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم نمبر ایک ہے لیکن ون ڈے اور ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی ملی جلی ہے۔ان کا تین سالہ معاہدہ ورلڈ کپ کے اختتام پر ختم ہوجائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیم کی کارکردگی اور مکی آرتھر کی بحیثیت کوچ کارکردگی کا جائزہ لے گا، جس کے بعد ان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔ لندن میں ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچ سے قبل آرتھر کا کہنا تھا کہ وہ پر امید ہیں کہ ان کے معاہدے میں ایکبار پھر توسیع ہوجائے گی۔

error: Content is protected !!