مکی آرتھر نے سرفراز کو تینوں فارمیٹس کی قیادت سے ہٹانے کی تجویز دیدی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پی سی بی کو کپتانی کے حوالے سے تجویز پیش کرتے ہوئےکہا کہ سرفراز احمد کو کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے برطرف کیا جائے۔ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ناکامی اور پچھلے تین سالوں کی ٹیم کی ناقص کارکردگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) نے ہیڈ کوچ، ٹیم مینجمنٹ کے ممبرز کو عہدے سے برطرف کرنے کے ساتھ ساتھ کپتان سرفراز احمد سے بھی ٹیم کی قیادت واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق مکی آرتھر نے مطالبہ کیا ہے کہ شاداب خان کو ون ڈے اور ٹی 20 کا کپتان بنایا جائے جبکہ بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی دی جائے۔ مکی آرتھر نے سرفراز احمد کے بارے تنقیدی جملے بھی کہے ہیں۔مکی آرتھر نے پی سی بی کے مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان سے کہا ہے کہ مجھے مزید دو سال کا وقت دیا جائے ، تو میں ٹیم کو ایک اچھی پوزیشن پر لے جائوں گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وسیم خان، چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو نئی ٹیم مینجمنٹ کی تقرری سے متعلق سفارشات بھیجنے سے قبل بدھ کے روز ٹیم ممبران کے ساتھ ایک اہم اجلاس کریں گے۔واضح رہے کہ مکی آرتھر 2016 سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں اور انہوں نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کوچ بننے کے لیے درخواست جمع کروادی ہے۔واضح رہے کہ مکی آرتھر کی کوچنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی جیتی جس کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی 20 رینکنگ میں دنیا کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے، لیکن ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی ناقص دکھائی دیتی ہے جبکہ مکی آرتھر کا قومی کھلاڑیوں کے ساتھ رویہ بھی ٹھیک نہیں ہے۔دوسری جانب مکی آرتھر اور دوسرے اسٹاف ممبران سے کیے گئے معاہدے 15 اگست کو ختم ہوجائیں گے۔

error: Content is protected !!