نیشنل چیلنج کپ کا پہلی بار کے پی کے میں انعقادخوش آئند ہے‘ شوکت یوسف زئی

کراچی (ریاض احمد) نیشنل چیلنج کپ کے پہلی بار کے پی کے شہر پشاورمیں انعقاد پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے شکر گزار ہیں کہ جس کے باعث پشاور کے مقامی فٹبالرز اور شائقین کواپنے پسندیدہ انٹرنیشنل فٹبالرز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع فراہم ہوا۔اس ایونٹ کے زریعہ کے پی کے کا سوفٹ امیج دنیا بھر میں جائے گا ۔ میں پشاور سمیت دیگر قرب و جوار کے فٹبالرز اور شائقین سے درخواست کروں گا کہ وہ ملک کے نامور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اپنی گراؤنڈ آمد کو یقینی بناکر اس قومی ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار شوکت علی یوسف زئی، صوبائی وزیر ہیلتھ و انفارمیشن ، کے پی کے نے 28ویں نیشنل چیلنج کپ کی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی طہماس خان فٹبال اسٹیڈیم پشاور پر کھلاڑیوں اور شائقین فٹبال کی کثیر تعداد کی موجودگی میں کیا۔ سید اشفاق حسین شاہ ، صدر ، پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ اﷲتعالیٰ نے ہمیں موقع دیا تو فٹبال کھیل کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور کھلاڑیوں کو ان کا جائز مقام دلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فٹبال صرف کھیل نہیں بلکہ ہمیں ڈسپلن، ایمانداری اور صحت کے ساتھ ساتھ اس کا کوئی مذہب اور حدود نہیں۔ اداروں کو چاہیے کہ وہ فٹبال کی ترقی کیلئے آگے آئیں۔ سید ظاہر علی شاہ ، صدر، کے پی کے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کا انتہائی ممنون اور مشکور ہوں کہ انہوں نے پہلی بار کے پی کے کو نیشنل چیلنج کپ کی میزبانی کا اعزاز بخشا ۔ انشاء اﷲ ہم فیڈریشن کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اس قومی ایونٹ کو یادگار بنائیں گے۔اس موقع پر سید فراست علی شاہ ،قائم مقام سیکریٹری فیڈریشن ، چوہدری سلیم، ممبر فیڈریشن، شرافت حسین بخاری، باسط کمال ،آرگنائزنگ سیکریٹری، شوکت مفتی، کرنل نعمان، قاضی آصف،طحہ علی زئی، رؤف باری،سردار طارق،گوہر زمان، رانا تنویر احمد، زمان خان،قاضی واجد، شاکر اﷲ، ظاہر شاہ، میڈیا کوارڈنیٹر ریاض احمدبھی موجود تھے۔ اعجاز (اے پی پی) نے کمپئرنگ کے فرائض انجام دئے۔افتتاحی میچ میں پاکستان ایئر فورس نے ایشیا گھی ملز کو 4-0کی کاری ضرب لگائی۔ ایشیا گھی ملز نے پہلے ہاف میں انتہائی شاندار اور تیز کھیل پیش کیا لیکن 45ویں منٹ میں محمد عرفان نے ایئر فورس کیلئے پہلا گول بنا کر وقفہ سے قبل اپنی ٹیم کو 1-0کی برتری دلادی ۔ دوسرے ہاف میں ایئر فورس نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے 3گول اسکور کئے۔ انٹرنیشنل منصور احمد نے 59ویں اور 67ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے 2گول اسکورکئے جبکہ میچ کا چوتھا اور آخری گول فیصل نے بنایا۔ ریفری ارشاد الحق کے معاونین عدیل انور، اکرام اﷲ اور شوکت حسین تھے۔ ریفریز ایسیسرامتیاز شاہ اورمیچ کمشنر قاضی آصف تھے۔آج (اتوار) پاکستان واپڈا اور کے پی ٹی جبکہ پی ٹی وی اور پاکستان نیوی کے مابین مقابلہ ہوگا۔

error: Content is protected !!