نیشنل چیلنج کپ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ‘ سدرن گیس گروپ چمپئن بن گئی

پشاور(ریاض احمد) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام اور کے پی کے فٹبال ایسوسی ایشن کی زیرنگرانی جاری 28واں نیشنل چیلنج کپ 2019کے گروپ میچز مکمل ہوگئے۔پاکستان ایئر فورس‘ پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، کے آر ایل، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاکستان واپڈا،پی سی اے اے اور پاکستان پولیس کی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں اپنی نشست کو محفوظ بنانے میںکامیاب رہیں۔ گذشتہ روز تین میچز کھیلے گئے۔پاکستان آرمی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کا مقابلہ 2-2، پی ایف ایف فائٹر اور پاکستان ریلویز کا مقابلہ 1-1سے برابر رہا جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نیوی کو 1-2سے شکست دے کر گروپ لیڈر بن گئی۔ پاکستان آرمی کی جانب سے محمد ناصر نے 2گول اسکورکئے جبکہ پی سی اے اے کیلئے محمد سعید نے ایک ایک بار گیند کو جال کے حوالے کیا۔

پی ایف ایف فائٹراور پاکستان ریلویز 1-1سے برابر رہیں۔ نیک محمد نے ٹائیگرز اورریلویز کا گول ارسلان نے بنایا۔سدرن گیس کیلئے سعد اﷲ اور ذاکر لاشاری نے ایک ایک اور پاکستان نیوی کا واحد گول فرحان اﷲ نے اسکور کیا۔پہلا کوارٹر فائنل پاکستان ایئر فورس اور پاکستان واپڈا‘ دوسرا سدرن گیس اور پی سی اے اے ، تیسرا کے آر ایل اور پولیس جبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل میں پاکستان آرمی کا سامنا پاکستان نیوی سے ہوگا۔طہماس خان فٹبال اسٹیڈیم پرگروپ ’سی‘ میں پاکستان آرمی اور پی سی اے اے کے مابین مقابلہ سے قبل چوہدری ذوالفقار ایڈوکیٹ کا تعارف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے کرایا گیا اس موقع پر سید ظاہر شاہ، سابق انٹرنیشنل فٹبال اکبر شگری، باسط کمال، رؤف باری ویگر بھی موجود تھے۔محمد سعید نے 6ویں منٹ میں پی سی اے اے کو پہلے برتری دلائی جسے 31ویں منٹ میں محمد ناصر نے برابری میں تبدیل کردیا اور 51ویں منٹ میں انفرادی دوسرا گول داغ کر آرمی کو 2-1کی سبقت دلادی ۔ 63ویں منٹ میںریلویز کیخلاف ڈبل ہیٹرک بنانے والے نوجوان فرنٹ رنر محمد وحید نے اپنی ٹیم کے گول کا قرض اتار کر2-2سے ہم پلہ بنادیا۔آرمی کو 7پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور پی سی اے اے کو دوسری پوزیشن ملی۔

اسی گروپ میں پی ایف ایف ٹائیگرز اور پاکستان ریلویز مدمقابل تھیں۔ ٹائیگرز کو 13ویں منٹ میں نیک عالم کے زریعہ پہلے برتری حاصل ہوئی جسے 86ویںمنٹ میں ارسلان نے برابر کردیا۔گروپ ’بی‘ میں سدرن گیس اور نیوی کے مابین سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ سعد اﷲ نے 10ویں منٹ میں گول اسکور کرکے نیوی کو مشکلات سے دوچار کردیا تاہم 73ویں منٹ میں فرحان اﷲ اپنی ٹیم کا گول اتارنے میں کامیاب رہے لیکن انجری ٹائم کے پہلے منٹ 90+1میں ذاکرلاشاری نے فیصلہ کن گول داغ کر اپنی ٹیم کو 2-1سے سرخرو کردیا۔ ریفری ارشاد الحق، انور خان اور یونس لعل کے معاونین راشد عبداﷲ، شیر علی، اکرام اﷲ، ذیشان خان، اکبر دوست، ریفریز ایسیسرامتیاز علی شاہ جبکہ میچ کمشنر قاضی آصف تھے۔

error: Content is protected !!