نیوزی کیخلاف ناکامیوں کی نئی داستان،ٹی ٹونٹی میچ میں بھی شکست

ویلنگٹن میں تین ٹی 20 کرکٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا ہے جو نیوزی لینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوور میں حاصل کر لیا جس میں نمایاں بلے باز اوپنر منرو رہے جنھوں نے 49 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز میں آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی گپٹل تھے جنھیں دو رنز پر رومان نے آؤٹ کیا۔

اس کے بعد چوتھے اوور میں فلپس بھی رومان کا دوسرا شکار بن گئے جنھوں نے تین رنز بنائے۔ فلپس کے آؤٹ ہونے کے بعد منرو اور بروس کے درمیان 49 رنز کی شراکت داری کو شاداب خان نے بروس کو 26 رنز پر آؤٹ کر کے ختم کیا جو باؤنڈری لگانے کی کوشش میں فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستانی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو مقررہ 20 اوورز بھی پورے نہیں کھیل سکی اور 19.4 اوورز میں 105 رنز پر ساری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان اننگز کے شروع میں مشکلات کا شکار ہو گیا تھا اور 53 کے مجموعی سکور پر اس کی سات وکٹیں گر چکی تھیں تاہمن حسن علی کی جارحانہ اننگز اور بابر اعظم کے آخری اوور تک کریز پر موجود رہنے کی وجہ سے سکور 100 رنز عبور کر سکا۔

پاکستان کے دونوں اوپنرز سکور میں خاطر خواہ اضافہ کیے بنا آؤٹ ہو گئے۔ فخر زمان تین جبکہ عمر امین بنا کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے۔ تیسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جو چوتھے اوور کی پانچویں گیند پر محمد نواز سات کا انفرادی سکور بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کو اننگز میں چوتھا نقصان حارث سہیل کی صورت میں اٹھانا پڑا جو کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اننگز کے 10ویں اوور میں سینٹنر کی پہلی گیند پر 5ویں اس وقت وکٹ گری جب سرفراز نو رنز پر آؤٹ ہوئے اور اس کی اگلی گیند پر نئے آنے والے بلے باز شاداب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی 7ویں وکٹ 53 کے سکور پر فہیم اشرف کی صورت میں گری جو سات کے سکور پر اونچی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آسان کیچ آؤٹ ہو گئے۔

سات وکٹوں کے نقصان پر حسن علی کریز پر آئے اور جارحانہ بیٹنگ شروع کی جس میں تین چھکوں کی مدد سے 12 گیندوں پر 23 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد عامر 19 ویں اوور میں تین رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور اننگز کے آخری اوور کی دو گیندیں باقی تھیں کہ بابر اعظم 41 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ میں احمد شہزاد کی واپسی ہوئی ہے لیکن پہلے میچ کے لیے وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں جبکہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کی جگہ حارث سہیل اور عمر امین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پہلے میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ٹرینٹ بولڈ اور لوکی فرگوسن کی جگہ گلین فلپس، سیتھ رینس، ٹام بروس، انارو کچن اور ایش سوڈی کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 15 ٹی 20 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے آٹھ میں پاکستان نے فتح حاصل کی جبکہ سات میں نیوزی لینڈ کامیاب رہا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے گذشتہ پانچ ٹی 20 میچز میں نیوزی لینڈ کا پلڑا بھاری رہا ہے اور صرف ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا رہا تھا۔

اس سے قبل پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ نے کلین سویپ کرتے ہوئے پانچوں میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔

error: Content is protected !!