واٹسن کیوں نہیں آرہے؟سرفراز نے بڑی وجہ بتا دی

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے دھوکا نہیں دیا، ان کی فیملی نے انہیں پاکستان جانے سے روک دیا۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بتایا گیا تھا کہ واٹسن پاکستان آرہے ہیں تاہم اب پتہ چلا ہے کہ وہ نہیں آرہے۔سرفراز نے کہا کہ حتمی گیارہ کھلاڑیوں میں سے چار ٹیم سے نکل جائیں تو ٹیم تشکیل دینا بہت مشکل ہوجاتا ہے، ایسی صورت حال کا سامنا ہم نے پچھلی مرتبہ کیا تھا، نئے کھلاڑی ماحول سے واقف نہیں ہوپاتے۔

انہوں نے کہا کہ ریلی روسو پاکستان میں پی ایس ایل میچز کھیلنے جارہے ہیں لیکن ہمارے لیے اب مقامی کھلاڑیوں کا کردار اہم ہوگا۔سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم کی ضروریات دیکھتے ہوئے کھلاڑی منتخب کیے ہیں، تھیسارا پریرا پہلے بھی ہمارے ساتھ کھیل چکے ہیں اور اچھی فارم میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش کے محمود اللہ، جنوبی افریقہ کے ریلی روسو، سری لنکا کے تھیسارا پریرا اور ویسٹ انڈیز کے جانسن چارلز نے پاکستان جانے کی تصدیق کردی ہے۔ایلیمینیٹرز کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اب کوئی گنجائش نہیں جو ٹیم ہارے گی ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گی اس لیے دباؤ دونوں ٹیموں پر ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ ان کی ٹیم کی پرفارمنس ملی جلی رہی ہے۔’ہم دو سال سے فائنل کھیل رہے، پہلے براہ راست فائنل میں پہنچے تھے، اس مرتبہ فائنل کھیلنے کے لیے دو میچز جیتنے پڑیں گے۔‘انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ میچز میں غلطیاں کی جس کی وجہ سے ہارے۔

سرفراز نے کہا کہ اس بار کی پی ایس ایل بہت اچھی ہوئی ہے، بیٹسمینوں نے رن بھی بنائے، کامران اکمل، رونکی، واٹسن نے رنز اسکور کیے لیکن جس معیار کی بولنگ ہوئی اس کی مثال دنیا کی کسی اور لیگ میں نہیں ملتی۔گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے کہا کہ پاکستان کے لیے بہت خوش آئند بات ہے کہ زبردست فاسٹ بولنگ ٹیلنٹ آرہا ہے اور اسپنرز بھی اچھے آرہے ہیں۔

error: Content is protected !!