ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز آج لارڈ ز میں چیرٹی میچ میں مدمقابل

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چیرٹی میچ آج لندن کے لارڈز گراؤنڈ پر کھیلا جائیگا جس سے حاصل ہونے والی رقم گزشتہ برس کیریبین میں سمندری طوفان کے باعث متاثر ہونے والے سٹیڈیم کی تعمیر نو کیلئے خرچ کی جائے گی۔ میچ میں ورلڈ الیون کی قیادت پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کرینگے۔ شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ الیون کی قیادت کرنا میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے، میچ اچھے مقصد کے لئے کھیلا جا ئیگا اوراچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی ،پاکستان کے آل راؤنڈر شعیب ملک بھی ورلڈ الیون میں شامل ہیں۔ نیپال کے ابھرتے ہوئے لیگ سپنر سندیپ لیمی چن بھی آئی سی سی ورلڈ الیون سکواڈ میں شامل ہیں۔ لیمی چن نے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں 13 وکٹیں لیکر ٹیم کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا درجہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ لیمی چن نے اپنے بیان میں کہا کہ ورلڈ الیون سکواڈ کیلئے منتخب ہونا نہ صرف میرے لئے بلکہ پورے ملک کیلئے باعث اعزاز لمحہ ہے، لارڈز گراؤنڈ کرکٹ پر کھیلنا ہر کھلاڑی کا دیرینہ خواب ہوتا ہے اس لئے میں بھی بہت پرجوش ہو رہا ہوں۔

error: Content is protected !!