ورلڈ کپ کی دستیاب مزید ٹکٹوں پر شائقین ٹوٹ پڑے

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی ورلڈ کپ کی محدود تعداد میں دستیاب مزید ٹکٹوں پر شائقین ٹوٹ پڑے.انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے رواں برس انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کے باقی بچنے اور شائقین کی جانب سے واپس کیے جانے والے ٹکٹ جمعرات سے دوبارہ فروخت کیلیے پیش کردیے، آغاز سے ہی ان میں شائقین کی بڑی تعداد نے دلچسپی دکھائی، اس میں کچھ اہم مقابلوں کی ٹکٹیں بھی شامل ہیں،ان میں میزبان انگلینڈ، پاکستان، آسٹریلیا اور بھارت جیسی ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔آئی سی سی نے ایک بار پھر شائقین کو خبردار کیاکہ وہ صرف آفیشل سیلرز سے ہی ٹکٹیں خریدیں، گورننگ باڈی کی جانب سے غیرقانونی طور پر ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے، کسی بھی غیر متعلقہ ویب سائٹ پر فروخت کیلیے پیش کی جانے والی ٹکٹوں کو منسوخ کردیا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی نے کہاکہ ہم جلد ہی ایک ری سیل پلیٹ فارم دوبارہ کھولنے والے ہیں جہاں پر شائقین اپنی ٹکٹیں محفوظ طریقے سے ان کی اصل قدر پر فروخت کرسکیں گے۔اسی طرح تمام وینیوز پر ہاسپٹلٹی پیکجز بھی بدستور دستیاب اور اس کیلیے متعلقہ وینیو حکام سے رابطہ کیا جا سکتا ہے،آئی سی سی کی آفیشل ویب سائٹ پر اس حوالے سے متعلقہ لنک بھی دیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ اس بار ٹکٹوں میں دلچسپی ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ رہی، اب تک8لاکھ ٹکٹوں کے لیے30لاکھ درخواستیں148ممالک سے موصول ہوئیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں مڈغاسکر اور میکسیکو جیسے ممالک بھی شامل ہیں۔

error: Content is protected !!