وومن ٹرائنگولر ون ڈے کپ پی سی بی ڈائنامائٹس نے جیت لیا

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پی سی بی ڈائنامائٹس نے پی سی بی وومن ٹرائنگولر ون ڈے کپ جیت لیا، فائنل میں پی سی بی بلاسٹرز کو 12 رنز سے شکست دے دی۔ پی سی بی ڈائنامائٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے 254 رنز بنائے جس کے جواب میں پی سی بی بلاسٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنا سکی۔ تفصیلات کے مطابق ایس بی پی اسپورٹس کمپلیکس پر کھیلے جانے والے ٹرائنگولر ون ڈے وومنز کرکٹ چیمپئن شپ 2018ء کے فائنل میں پی سی بی ڈائنامائٹس نے پی سی بی بلاسٹرز کو 12 رنز سے شکست دے دی۔ پی سی بی ڈائنامائٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنائے جس میں جویریہ خان نے 83 بالز پر 8 چوکوں کی مدد سے 62 رنز اور سدرہ امین نے 113 بالز پر 6 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ پی سی بی بلاسٹرز کی رامین شمیم نے 43 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عالیہ ریاض نے بھی 56 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ جواب میں پی سی بی بلاسٹرز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنا سکی۔

عالیہ ریاض نے 84 بالز پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 80 رنز اسکور کئے جبکہ جویریہ رؤف نے 105 بالز پر ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 66 رنز اسکور کئے۔ پی سی بی ڈائنامائٹس کی بالر صبا نذیر نے 35 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا جبکہ نشریٰ سندھو نے 35 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح پی سی بی ڈائنامائٹس نے 12 رنز سے فائنل میچ جیت لیا۔ جویریہ خان اور عالیہ ریاض کو مشترکہ طور پر پلیئرز آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ٹرافی جیتنے پر پی سی بی ڈائنامائٹس کو چار لاکھ روپے اور رنر اپ پی سی بی بلاسٹرز کو دو لاکھ روپے دیئے گئے۔ فائنل کی بہترین کھلاڑی جویریہ خان اور عالیہ ریاض کو 10 ہزار روپے کا انعام دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی عالیہ ریاض کو 256 رنز بنانے، 9 وکٹیں حاصل کرنے اور 2 کیچز لینے پر 25 ہزار روپے کا انعام دیا گیا۔

error: Content is protected !!