ویرات کوہلی کامیابیوں کی نئی منزل کی جانب رواں دواں

نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ)انڈین کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں بطور کپتان کئی نئے ریکارڈز قائم کر دیے ہیں۔

انھوں نے اس میچ میں بطور انڈین کپتان اپنی 12ویں سنچری سکور کی۔ ان کے 160 رنز سچن تندولکر کے بعد کسی بھی انڈین بیٹسمین کی جانب سے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا بہترین سکور ہے۔ تندولکر نے 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 200 رنز سکور کیے تھے جو کہ ایک روزہ میچوں کی پہلی ڈبل سنچری تھی۔

بدھ کو کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے میچ میں وراٹ کوہلی 159 گیندوں پر 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 160 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ اس میچ میں انڈیا کی ٹیم نے اپنی اننگز میں 303 رنز بنائے اور جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 179 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ اس شکست کے بعد انڈیا نے چھ میچوں کی سیریز میں تین صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

کوہلی نے ایک روزہ کیرئیر میں سب سے زیادہ سکور کرنے کے علاوہ ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے کسی بھی انڈین کپتان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔

اس سے پہلے ساروو گنگولی 11 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست تھے لیکن اب 12 سنچریوں کے ساتھ کوہلی نے ان کی جگہ لے لی ہے۔

اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو کوہلی کو ابھی کرکٹ کی دنیا میں کسی بھی کپتان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے کے لیے ابھی بہت محنت کرنے کی ضرورت ہو گئی کیونکہ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے بطور کپتان 22 سنچریاں سکور کر رکھی ہیں۔

لیکن کوہلی کو اس کے بارے میں ابھی سوچنے کی زیادہ ضرورت نہیں کیونکہ وہ اپنی کارکردگی سے نئے ریکارڈ قائم کرتے جا رہے ہیں جس میں سنچریوں کے علاوہ انڈیا کی جانب سے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔

وہ اس وقت جاری سیریز کے پہلے تین میچوں میں 318 رنز بنا چکے ہیں اور ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کے خلاف کسی بھی سیریز میں ایک سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

کوہلی

سیریز کے آغاز سے قبل وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ میں ایک روزہ میچوں میں کوئی سنچری سکور نہیں کی تھی مگر تین میچوں کے بعد اب وہ دنیا کے ان پانچ بلے بازوں میں شامل ہو گئے ہیں جنھوں نے جنوبی افریقہ میں ایک سے زیادہ سنچریاں سکور کی ہیں۔

اب تک جنوبی افریقہ میں ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ تین سنچریاں سکور کرنے کا اعزاز انگلینڈ کے بلے باز کیون پیٹرسن کے پاس ہے۔

گذشتہ برس انڈین کپتان وراٹ کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سنچری سکور کر کے کم سے کم میچوں میں نو ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا تھا۔

گذشتہ برس ہی وراٹ کوہلی نے دہلی ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف اپنی چٹھی ڈبل سنچری بنا کر بطور کپتان سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا تھا۔

سیریز کا چوتھا میچ جوہانسبرگ میں 10 فروری کو کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ میچوں کی سیریز 16 فروری کو ختم ہو گی جس کے بعد تین ٹی20 انٹرنیشنل بھی کھیلے جائیں گے۔

 

 

error: Content is protected !!