ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ،،ورلڈ الیون کی قیادت آفریدی کرینگے

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی ویسٹ انڈیز کےخلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ الیون کی قیادت کریں گے۔اس سے قبل یہ اعزاز انگلینڈ کے اوئن مورگن کو نبھانا تھا تاہم وہ انجری کا شکار ہوکر میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔اس خبر پر اپنے ردعمل میں پاکستانی آل راؤنڈر نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ الیون کی قیادت کرنا اعزاز ہے، یہ میچ ایک اچھے مقصد کے لئے منعقد کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کو شائقین اچھی کرکٹ سے لطف اندوز ہوں گے، دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بھرپور انداز میں میچ کیلئے تیار ہیں۔31 مئی کو ہونے والی اس میچ کے لیے ابتدائی طور پر انجری کے باعث آفریدی کی خود کی شرکت مشکوک تھی تاہم دو ہفتے قبل ایک ٹوئیٹ میں انہوں نے میچ میں شرکت کی تصدیق کی۔ارما اور ماریہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے ٹی ٹوئنٹی میچ لارڈز میں 31 مئی کو کھیلا جائے گا جس میں ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور آئی سی سی ورلڈ الیون مد مقابل ہوں گی۔ورلڈ الیون میں آفریدی کے علاوہ دوسرے پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک ہوں گے جبکہ اس میں بنگلہ دیش، انڈیا، افغانستان، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور دیگر ٹیموں کے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔

error: Content is protected !!