ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کرکٹ کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا،محمد عامر جان

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کرکٹ کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا،یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں کہی،سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے دوسرے ممالک کی ٹیموں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور وہ بھی مستقبل میں پاکستان آئیں گی، پاکستان پرامن ملک ہے اور غیر ملکی ٹیموں کو اعلیٰ سطح کی سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے،ہم پرامید ہیں کہ جلد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آکر کھیلیں گی، انہوں نے کہاکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوچکی ہے، گزشتہ دو برسوں میں پاکستان متعدد غیرملکی ٹیموں کی میزبانی کرچکا ہے،جن میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم اور ورلڈ الیون شامل ہیں، حال میں ہاکی ورلڈ الیون بھی پاکستان آکر کھیل چکی ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)میں دنیا کے سٹار کرکٹرز بھی کھیل کر گئے ہیں۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے بین الاقوامی ایونٹس کیلئے قابل ذکر اقدامات کئے جن سے تمام ایونٹس کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں، ان ایونٹس کیلئے اعلیٰ سطح کے انتظامات کئے گئے جن میں نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں عارضی ہسپتال، بلڈبنک کا انتظام کیا گیا اس کے علاوہ شائقین کو پارکنگ کی بہترین سہولت بھی فراہم کی گئی،انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب مستقبل میں بھی بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے لئے بہترین انتظامات کرتارہے گا۔

error: Content is protected !!