ٹیسٹ بلے بازوں کی درجہ بندی،اسٹیون سمتھ بدستور نمبر ون

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)ٹیسٹ بلے بازوں کی ابتدائی پانچ رینکنگ میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی اور پابندی کا شکار سابق آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔دیگر چار کھلاڑیوں میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی دوسرے، انگلینڈ کے کپتان جو روٹ تیسرے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن چوتھے اور پابندی کا شکار ایک اور آسٹریلین بلے باز ڈیوڈ وارنر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔جمیکا اور گال میں ہونے والے کم اسکور کے حامل میچوں میں سب سے نمایاں اور ممتاز بلے باز سری لنکا کے دمتھ کرورنا رتنے رہے جنہوں نے پہلی اننگز میں 158 رنز بنا کر بیٹ کیری کیا تو دوسری اننگز میں 60 رنز بنائے۔کرونارتنے نے میچ میں مجموعی طور پر 218 رنز بنائے اور ان کا اسکور جنوبی افریقہ کی دونوں اننگز کے مجموعی اسکور 199 سے بھی زیادہ رہا جس کی بدولت وہ 21 درجے لمبی چھلانگ لگا کر کیریئر کی بہترین 10ویں پوزیشن پر آ گئے اور دنیش چندیمل کے بعد رینکنگ میں دوسرے بہترین سری لنکن بلے باز بن گئے ہیں۔کریگ بریتھویٹ 3 درجے ترقی پا کر 13ویں، شکیب الحسن 2 درجے اوپر چڑھ کر 22ویں نمبر پر آ گئے البتہ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے جبکہ کوشل مینڈس 7 درجے تنزلی کے بعد 19ویں نمبر پر چلے گئے۔

error: Content is protected !!