ٹین پن بائولنگ کا کھیل ملک میں آہستہ آہستہ مقبولیت اختیار کر سکتاہے،اکبر درانی

اسلام آباد ( نواز گوھر ) وفاقی سیکرٹری، وزارت بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کھیل کی ترقی چاہتی ہے اور ٹین پن بائولنگ کا کھیل ملک میں آہستہ آہستہ مقبولیت اختیار کر سکتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گذشتہ روز جناح پارک راولپنڈی میں آزادی ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمن، سندھ ٹین پن بائولنگ ایسوسی ایشن کے صدر علیم آغا، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق سیکرٹری اطلاعات رانا تنویر احمد کے علاوہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں اور شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، انہوں نےکہا کہ حکومت ملک میں کھیل میدانوں کو آباد کر رہی ہے اور ان کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے ایک صحت مند معاشرہ وجود میں آئے گا۔ انہوں نےکہا کہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں اور وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں، انہوں نےکہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ نئی نوجوان نسل کو مختلف معاشرتی برائیوں سے بچانے کے لئے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نےکہا کہ گذشتہ دنوں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی خصوصی ہدایات پر جناح سٹیڈیم میں خصوصی بچوں کے مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کروائے جو کہ بڑے کامیاب رہے جس میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، اسلام آباد اور مری کے لڑکے اور لڑکیوں نے بھر پور انداز میں حصہ لیا۔ ان مقابلوں کا افتتاح وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے خود کیا۔ انہوں نےکہا کہ معذور اور خصوصی افراد بھی اس معاشرے حصہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارا سب کا فرض ہے۔ اکبر درانی نے کہاکہ میں پہلی بار ٹین پن بائولنگ کا کھیل دیکھ کر ہوں اور مجھے خوشی بھی محسوس ہورہی ہے کہ میں آج چیمپئن شپ میں ڈیف ایونٹ کا افتتاح کررہاہوں۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمن چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد کے مستحق ہے اور حکومت کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے۔ پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمن نے وفاقی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی کا تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا اور وفاقی سیکرٹری کو ملکی اور انٹرنیشنل سطح پر ٹین پن بائولنگ کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ کیا۔ یہ کھیل 137 ممالک میں کھیلا جارہا ہے۔ اعجاز الرحمن نے بتایاکہ آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ اس بار کشمیر کے نام کی، ایونٹ میں ملک بھر سے 250 سے زائد نامور باؤلرز شرکت کر رہے ہیں اور چیمپئن شپ میں 8 مختلف کیٹگریز کے مقابلے ہورہے ہیں جن میں مردوں اور خواتین کے سنگلز ڈبلز ، میڈیا، انٹرسکولز، انٹر کالجز اور انٹر یونیورسٹیز کے مقابلے شامل ہیں۔ انہوں نےکہا کہ چیمپئن شپ میں کراچی۔ لاہور ۔راولپنڈی۔ اسلام آباد۔ پشاور اور فیصل آباد سے مرد اور خواتین بائولرز حصہ لے رہے ہیں ۔ لیژر سٹی کلب جناح پارک راولپنڈی جاری چیمپئن شپ میں ڈیف کا ایونٹ قاسم اسد نے 309 پوائنٹس کے ساتھ جیت لیا جبکہ شہزاد نے 261 پوائنٹس اور زیدان نے 234 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی اور اسی طرح عمر نے 233 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔ خواتین کے مقابلوں میں روشی، نور، تحسینہ اور روزینہ نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ یہ چیمپئن شپ 29 ستمبر تک جاری رہے گی، چیمپئن شپ کے اختتام پر فاتح کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافی تقسیم کی جائیں گی۔

error: Content is protected !!