ٹی ٹوئنٹی سیریز، پاکستان سری لنکا ٹیموں کی لاہور آمد

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے لیے لاہور پہنچ گئی ہے جبکہ سری لنکن کپتان تھریمانے کی قیادت میں بھی مہمان ٹیم لاہور پہنچ گئی ہے۔قومی ٹیم کو سخت سکیورٹی میں ائیرپورٹ سے ہوٹل پہنچنے پر ہار پہنائے گَئے اور انہیں خوش آمدید کہا گیا، اس دوران گرین شرٹس کے کھلاڑی سیریز جیتنے پر خوشی سے سرشار دکھائی دیئے، ٹی ٹونٹی ٹیم میں شامل احمد شہزاد، عمر اکمل اور فہیم اشرف پہلے سے ہی لاہور میں موجود ہیں ۔یاد رہے کہ قذافی سٹیڈیم میں 3 ٹی ٹونٹی میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

دونوں ٹیمیں 4 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس بھی کریں گی، کپتان ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔نشترپارک سپورٹس کمپلکس میں واقع کے داخلی راستوں کو ہر قسم کی ٹریفک اور آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے، پاک سری لنکا ٹاکرے کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔

ٹریفک کی روانی کی بہتری کے لئے 10 لفٹرز قذافی سٹیڈیم میں موجود رہیں گے۔سکیورٹی کے لئے 276 کیمرے، 150 واک تھرو گیٹس، 150 لیڈی سرچ کیبن، 3000 سرچ لائٹس، 800 بیریئرز لگا دیئے گئے ہیں

جام شیریں پارک، لبرٹی مارکیٹ، سن فارٹ پلازہ، ایف سی کالج اور پنجاب یونیورسٹی ہاسٹل میں پارکنگ ایریاز مختص کر دئیے گئے۔

پارکنگ ایریا سے قذافی سٹیڈیم تک شائقین کو مفت شٹل سروس فراہم کی گئی ہے، شٹل سروس کے لیے 68 بسز دستیاب ہونگی، صفائی ستھرائی کے انتظامات کے لئے ایل ڈبلیو ایم سی کے 355 اہلکار فرائض انجام دیں گے۔

error: Content is protected !!