ٹی ٹونٹی رینکنگ،بابر اعظم نمبر ون بیٹسمین،شاداب بائولرز میں دوسرے نمبر پر آگئے

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی درجہ بندی میں دوبارہ دنیا کے نمبر ایک بلے باز بن گئے جبکہ شاداب خان نے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے بولرز کی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ویسٹ انڈیزکے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ڈیبیو کرنے والے بیٹسمین حسین طلعت نے 54 ویں پوزیشن کےساتھ کیریئر کا آغاز کیا۔تازہ ترین آئی سی سی رینکنگ کے مطابق بابر اعظم ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کے نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بیٹسمین بن گئے، انہوں نے نیوزی لینڈ کے کولن منرو سے پہلی پوزیشن چھینی۔

اوپنر بیٹسمین فخر زمان 15 درجے ترقی پاکر ٹاپ ففٹی میں شامل ہو گئے جبکہ کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد 53 ویں نمبر پر برقرار ہیں۔بولرز میں شاداب خان 10 درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔ انجری کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے باہرعماد وسیم تنزلی کے بعد 9 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔فاسٹ بولر محمد عامر 15 درجے چھلانگ لگا کر 13 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ حسن علی نے 10 درجے ترقی کے ساتھ 30 واں نمبر پا لیا۔

محمد نواز جو حالیہ سیریز سے قبل ٹاپ 100 بولرز کی فہرست میں شامل نہیں تھے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 53 ویں نمبر پر آگئے۔شعیب ملک ٹاپ ٹین آل راؤنڈرز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ وہ 4 درجے بہتری کے ساتھ 9ویں پوزیشن پر قابض ہوگئے جبکہ محمد حفیظ 14 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

error: Content is protected !!