ٹی ٹونٹی میں کوئی ٹیم کمزور نہیں،سرفراز احمد

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف سہ ملکی ٹی20 سیریز آسان نہیں ہوگی، ٹی20 میں کوئی ٹیم کمزور نہیں ہوتی اور اس سیریز کو آسان نہیں لیں گے۔

سہ ملکی ٹی20 سیریز اور زمبابوے سے ون ڈے سیریز کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم لگایا گیا تربیتی کیمپ آخری روز ہونے والی بارش کی وجہ سے بغیر ٹریننگ کے ختم ہو گیا۔

لاہور میں ہونے والی موسلادھار بارش کی وجہ سے میدان اس قابل نہ تھا کہ کھلاڑی ٹریننگ کرسکتے اور گراؤنڈ کی کنڈیشنز دیکھنے کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کیمپ ختم کرنے کا اعلان کیا۔

کیمپ کے اختتام پر قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ انہوں نے کہاکہ سہ ملکی سیریز میں شامل آسٹریلیا کی ٹیم مضبوط ہے کیونکہ ان کے نئے کھلاڑی بھی جانتے ہیں کہ ٹی20 کرکٹ کیسے کھیلنی ہے لہٰذا ہم اس سیریز کو آسان نہیں لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کیمپ کا آخری روز بارش سے متاثر ہونے کے باوجود ٹیم نے دورہ زمبابوے کی اچھی تیاری کی ہے اور امید ہے کہ شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹی20 میں کوئی بھی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، ہماری ٹیم اس فارمیٹ میں عالمی نمبر ایک ہے تاہم سیریز کے دوران اس کا دباؤ نہیں لیں گے اور اپنی نارمل کرکٹ کھیلیں گے۔

زمبابوے میں کھلانے جانے والی ٹیم ٹیم کے بارے میں سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ میں زمبابوے کا دو بار دورہ کرچکا ہوں لیکن ہر بار وکٹ مختلف ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا 2013 میں زمبابوے کی وکٹیں گراسی تھیں اور بال کافی باؤنس ہو رہا تھا جبکہ 2015 میں وکٹیں کافی سلو تھیں اور وکٹ میں نمی بھی زیادہ تھی لیکن اس وقت وہاں کا موسم کافی ٹھنڈا ہے اور میچ بھی جلدی شروع ہوگا اس لیے کنڈیشنز دیکھ کر ٹیم کو میدان میں اتاریں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے اپنی ناقص فارم اور توقعات سے کمتر کارکردگی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ایک دو سیریز میں میری بیٹنگ اچھی نہیں رہی، کپتانی کا دباؤ ضرور ہوتا ہے تاہم میری کوشش ہوگی کہ اپنی بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ سے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں، آنے والی سیریز میں نمبر4 پر ہی بیٹنگ کروں گا۔

اس موقع پر سرفراز نے سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو آپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بطور بلے باز، وکٹ کیپر اور کپتان دھونی سے متاثر ہوں۔ سابق بھارتی کپتان نے اپنی ٹیم کی کامیابی سے قیادت کی اور بیٹنگ اور کیپنگ میں اچھی پرفارمنس دے کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ کامران اکمل ڈومیسٹک میں اچھا پرفارم کر رہے ہیں لیکن زمبابوے میں آسٹریلیا کی ٹیم کے 6 لیفٹ ہینڈرز کی موجودگی اور حفیظ کی باؤلنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں یکساں افادیت کے سبب انہیں فخر زمان کے ساتھ بطور اوپنر ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے لیکن کامران اکمل سمیت کوئی بھی کرکٹر اپنی پرفارمنس سے ٹیم میں دوبارہ جگہ بنا سکتا ہے۔

کپتان نے دعویٰ کیا کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر نے آرام دیے جانے کے بارے میں ان سے کوئی بات نہیں کی تاہم انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ فاسٹ باؤلرز کو آرام ریسٹ دے کر کھلائیں اور آئندہ سیریز میں بھی مختلف میچز میں مختلف بولرزکو موقع دیں گے تاکہ فاسٹ باؤلرز کو ریسٹ مل سکے۔

انہوں نے تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کے بیان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں بہت یکجہتی ہے اور ضرورت پڑنے پر تمام کھلاڑی ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔

سرفراز احمد نے کہاکہ یاسر شاہ کی ٹیم میں شمولیت اچھی بات ہے، ون ڈے میں بھی اس کی باؤلنگ کا فائدہ اٹھائیں گے۔ ون ڈے کی ٹیم میں بہت کم تبدیلیاں کی جاتی ہیں اور کوشش ہے کہ ورلڈ کپ تک یہی ٹیم رہے تاکہ ٹیم کا اچھا کامبی نیشن برقرار رہے۔

پاکستان، زمبابوے اور آسٹریلیا کے درمیان سہ ملکی ٹی 20 سیریز یکم سے 8جولائی تک کھیلی جائے گی جس کے بعد پاکتان اور زمبابوے کے درمیان پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 13جولائی سے کھیلی جائے گی۔

error: Content is protected !!