پاکستانی باکسرمحمد وسیم مے ویدر کے ہمراہ ٹریننگ کریں گے

اسلام آباد( سپورٹس لنک رپورٹ )پاکستانی باکسر محمد وسیم کھیل میں دوبارہ بلندی پانے کیلئے معروف امریکی اسٹار مے ویدر کے ہمراہ ٹریننگ کریں گے۔ڈبلیو بی سی کے سابق سلور فلائی ویٹ چیمپئن وسیم نے اسے اپنے لیے نیا چیلنج بنا لیا، انھوں نے کہا کہ وہ مجھے پاگل کہتے ہیں کیونکہ میں نے صرف 8 پروفیشنل فائٹس کے بعد ورلڈ ٹائٹل کی جانب دیکھنا شروع کر دیا۔ ان کے پاس اب آئی بی ایف ورلڈ ٹائٹل فائٹ کی تیاری کیلیے 40 دن بچے ہیں۔ رواں برس ٹائٹل باﺅٹ کی کمی اور اسپانسرشپ کی عدم دستیابی کے سبب وسیم کو اپنے ڈبلیو بی سی ٹائٹل سے محروم ہونا پڑ گیا تھا لیکن اب انھوں نے آئی بی ایف ٹائٹل کے حصول کو اپنا مقصد بنا لیا، جس کیلیے ان کا پڑاﺅ ایک بار پھر لاس ویگاس میں ہے، وہ آئندہ ماہ اس ٹائٹل کیلیے کوالالمپور میں جنوبی افریقی حریف موٹوٹی متھالین کا سامنا کریں گے، تاہم اس سے قبل کھیل میں دوبارہ بلندی پانے کیلیے وہ فلوئیڈ مے ویدر کے جم کو جوائن کریں گے۔محمد وسیم نے کہا کہ میرے لیے یہ ایک نیا آغاز ہوگا، وقت گزرتا جارہا ہے لیکن مجھے اپنے خوابوں کو مکمل کرنے کیلیے دوبارہ ٹریک پر آنا ہوگا، جو میں ورلڈ ٹائٹل جیت کر پورا کرپاﺅں گا۔ بدقسمتی سے میں ڈبلیو بی سی ٹائٹل پانے کا موقع گنوابیٹھا لیکن یہ تمام مشکلات میری راہ میں حائل نہیں ہوسکتیں، میرے ارادے بلند ہیں، جب میں یہاں لوگوں کو بتاتا ہوں کہ میں ورلڈ ٹائٹل پر نظریں جمائے ہوئے ہوںتو وہ بہت حیران ہوتے ہیں، کیونکہ عمومی طور پر باکسر ز20سے زائد پروفیشنل باﺅٹس کے بعد اس جانب سوچتے ہیں۔ لیکن میں پہلے ہی بہت وقت ضائع کرچکا ہوں۔

error: Content is protected !!