پاکستانی شاہینوں نے کیویز کو بھی شکار کرلیا


ابوظبی (عبدالرحمن رضا سے)آسڑیلیا کیخلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم نے کیویز کو بھی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز کے فرق سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے، تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 146 بنائےہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے 6 اوورز میں 50 رنز جوڑ کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم فلپس 12 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، وکٹ کے دوسر اینڈ پر موجود منرو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے58 رنز کی دھواں دھار باری کھیلی جو بے سود ثابت ہوئی،ان کی اننگز میں 6 دلکش چوکے اور 3 بہترین چھکے شامل تھے۔کپتان کین ولیمسن 11 اور گرینڈ ہومے 6 رنز پر چلتے بنے جب کہ تجربہ کار بیٹسمین روس ٹیلر بھی ٹیم کی نہیہ پار نہ لگا سکے، وہ 26 گیندوں پر 42 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ٹم ساؤتھی 5 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاداب خان اور عماد وسیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں قومی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی، پاکستان ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا او ر صرف 10 رنز پر دونوں اوپنر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 7 اور صاحبزادہ فرحان ایک رن بناکر چلتے بنےابتدائی نقصان کے بعد آصف علی اور محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 67 رنز کی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کو سہارا دیا، تجربہ کار محمد حفیظ 45 رنز بنا کرکیچ آؤٹ ہوئے جب کہ آصف علی 24 رنز پر ہمت ہار گئے۔

کپتان سرفراز احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 34 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جب کہ شعیب ملک 8 رنز پر رن آؤٹ ہوئےنیوزی لینڈ کی جانب سے ملین نے 2، پٹیل، سوڈھی، گرینڈہومے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، عثمان شنواری کی جگہ نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

error: Content is protected !!