پاکستان انڈر19ٹیم نے کمال کردیا۔۔

ڈربن (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ساتویں اور آخری ون ڈے میں سات وکٹوں سے شکست دے کر یوتھ انڈر19سیریز میں سات ،صفرسے آپریشن کلین سویپ مکمل کر لیا۔ گزشتہ روز چیٹس ورتھ کرکٹ سٹیڈیم میں جنوبی افریقی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 182رنز کا مجموعہ حاصل کیا ۔ کپتان برائس پٹرسنز37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

محمد عامر جونیئر نے 40رنز دے کر تین کھلاڑی ٹھکانے لگائے ، حارث خان ، عامر علی نے دو ، دو جبکہ اختر شاہ اور فہد منیر نے ایک ، ایک وکٹ کا بٹواراکیا۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے 183رنز کا مطلوبہ ہدف 37اعشاریہ تین اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا ۔ حارث خان ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست69رنز کے ساتھ قابل ذکر بیٹسمین رہے ۔

محمد باسط علی نے پانچ چوکوں سے مرصع56رنز کی شاندار اننگز تخلیق کی جبکہ حیدر علی کو 30رنز کھاتے میں درج کرانے کا موقع ملا ۔ فہد منیر 21رنز پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے ۔ جیرالڈ کوئٹزے اور عمران فیلانڈر نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر حارث خان کو مین آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

error: Content is protected !!