پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کیلئے دونوں بورڈز کے درمیان رابطے تیز

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان پاک بنگلادیش سیریز کے لیے رابطوں میں تیزی آگئی۔ذرائع کے مطابق دونوں بورڈ کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتری آنے لگی ہے اور بنگلادیش بورڈ کے صدر نظم الحسن کا پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے لیے کراچی آنا اسی سلسلے کی کڑی ہے۔نظم الحسن نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل دیکھیں گے اور 18 مارچ کو وطن واپس روانہ ہوں گے۔ذارئع نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش ٹیم کو رواں برس پاکستان آنے کی دعوت دی ہے اور ہوم سیریز سے متعلق مثبت پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ بی سی بی کے صدر نظم الحسن سے بنگلادیش ویمن اور انڈر 19 ٹیموں کے دوروں پر بھی بات چیت ہوگی۔اس سے قبل پی سی بی نے آسٹریلیا کے ساتھ ہوم سیریز کے لیے آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کو دعوت دی تھی جس کو قبول نہیں کیا گیا اور یہ سیریز رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔گزشتہ برس ویسٹ انڈیز ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا جس کے دوران 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کراچی میں کھیلی گئی۔

error: Content is protected !!