پاکستان اوپن سکواش چیمپئن شپ،مردوں میں عاصم خان ،خواتین میں آمنہ فیاض چیمپئن

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) محمد عاصم خان اورآمنہ فیاض نے مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آبادمیں کھیلے جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ا سکواش چیمپئین شپ میں مردوں اور خواتین کے ٹائٹل اپنے نام کر لئے ۔پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینیئر وائس پریذیڈنٹ ائیر مارشل شاہد اختر علوی اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے ۔سابقہ ورلڈ چیمپئن قمر زمان کے علاوہ پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران اور اسکواش کے دلدادہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے یہ میچ دیکھا۔


پاکستان انٹرنیشنل ا سکواش چیمپئین شپ کے مردوں کی کیٹیگری کا فائنل فرحان محبوب اور محمد عاصم خان کے درمیان کھیلا گیا۔ محمد عاصم خان نے فرحان محبوب کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے دی۔ فرحان میچ کے آغاز میں اپنے حریف پر حاوی رہے اور پہلی گیم11/8 سے جیت لی۔عاصم نے دوسری گیم 15/13سے جیت کر میچ 1-1گیم سے برابر کر دیا۔ فرحان محبوب نے تیسری گیم 11/4سے جیت کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ چوتھی گیم میں عاصم نے اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے11/7 سے کامیابی حاصل کی اور میچ کو فیصلہ کن مرحلے میں داخل کر دیا۔ عاصم نے پانچویں اور فیصلہ کن گیم میں بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے یہ گیم 11/1 سے جیت کر چیمپئین شپ جیت لی۔


قبل ازیں، پاکستان انٹرنیشنل اسکواش چیمپئین شپ خواتین کی کیٹیگری کا فائنل آمنہ فیاض اور مقدس اشرف کے درمیان کھیلا گیا۔ آمنہ فیاض نے اپنی مخالف کو ایک یک طرفہ مقابلے میں 12/10, 11/8 & 12/10 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ میچ 19منٹ تک جاری رہا۔ مردوں کے مقابلے میں10,000/- ڈالرز جبکہ خواتین کے مقابلوں کی انعامی رقم 5,000/- ڈالرز رکھی گئی۔

error: Content is protected !!