پاکستان ایشین کلب والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کرے گا


اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) قومی والی بال کوچ مظہر حسین گوجر نے کہا ہے کہ 12 رکنی ٹیم ایشین کلب والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی جو 30 جولائی سے چھ اگست تک میانمار میں کھیلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی قیادت محب رسول کریں گے ۔ دیگر منتخب کھلاڑیوں میں محمد ادریس، شیراز، دلاور خان، مبشر رضا، منیر احمد، وسیم خان، محمد آصف، کاشف، ناصر لبرو، فہد رضا اور امل خان شامل ہیں ۔ کوچنگ کے فرائض مظہر حسین گوجر اور محمد اظہر انجام دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایشین کلب والی بال چیمپئن شپ میں 18 سے زائد ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ قومی کھلاڑی میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے 26 جولائی کو میانمار روانہ ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ایشین گیمز اور ایشین کلب چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلے میں کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان ا سپورٹس کمپلیکس کے حمیدی ہال میں جاری ہے ۔ کھلاڑی چار کوچز مظہر حسین گوجر، محمد اظہر، محمد شہباز اور محمد اکرم کی زیر نگرانی سخت محنت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ایشین کلب والی بال چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

error: Content is protected !!