پاکستان جانے پر ضرور غور کروں گا،جے پی ڈومینی


دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقاکے آل راؤںڈر جے پی ڈومینی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں کرکٹ کا معیار بہت بُلند ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں سخت مقابلے ہورہے ہیں، تمام ٹیمیں ابتداء سے ہی اچھا کھیل رہی ہیں، اگلے پانچ میچوں کے لیے بھی پُراعتماد ہیں۔جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر ڈومینی نے کہا کہ ’’جیسا کہ میں نے پہلے کہا کہ اب یہ راؤنڈ رابن کا دوسرا مرحلہ ہے، تو ہمارا اچھا کھیلنا بہت ضروری ہے، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ اسلام آباد ٹاپ ٹیموں میں جگہ حاصل کرے جس کا ہمارے پاس بھرپور موقع بھی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ کرکٹ سے محبت کرنے والے اور اس کھیل کا جنون رکھتے ہیں، اسلام آباد کے پاس پلے آف میں کوالیفائی کرنے کا موقع ہے اور میں ضرور پاکستان جانے کے بارے میں غور کروں گا۔ڈومینی نے کہا کہ اب تک پی ایس ایل کھلینے کا تجربہ اچھا رہا ہے، ہمارے دو لگاتار میچز آرہے ہیں، ضروری ہے کہ دونوں میں اچھا کھیلیں۔پاکستان آنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کے پاکستان آنے کے امکانات روشن ہیں، پاکستان کے شائقین کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، اگر ان کی ٹیم کوالیفائی کرتی ہے تو وہ اس پر ضرور غور کریں گے۔اسلام آباد نے اب تک 5 میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے 3 میں کامیابی اور دو میں شکست ہوئی ہے، ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔تمام ٹیموں کے 10، 10 میچز مکمل ہونے کے بعد جو چار ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر اوپر ہوں گی وہ پلے آف کے لیے کوالیفائی کرجائیں گی جبکہ دو ٹیمیں باہر ہوجائیں گی۔

error: Content is protected !!