پاکستان سپر لیگ تھری،ملتان سلطانز کو کراچی کنگز نے ڈھیر کردیا

دبئی( سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل ) تھری کے 22ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63 رنز سے شکست دے کر حساب چکتا کردیا اور ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن بھی پکی کرلی۔شعیب ملک الیوان 189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں19اعشاریہ 4 اوورز میں125رنز پر ڈھیر ہوگئی ،احمد شہزاد24،کمارا سنگاکارا 18، سیف بدر13،صہیب مقصود 11اور سہیل تنویر 15رنز کے نمایاں اسکورر رہے۔کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں جوڈینلی 78، بابر اعظم 58اور انگرم ناقابل شکست 29رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر ایونٹ کا سب سے بڑا 188 رنز کا مجموعہ سجایا ۔ملتان سلطانز کی طرف سے احمد شہزاد اور کمارا سنگاکارا نے اننگز کا آغاز کیا ، پہلی وکٹ پر 41رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور بلند شگاف چھکے سمیت کئی دلکش بائونڈریز بھی لگائیں۔کراچی کنگز کی طرف سے پہلی وکٹ محمد عرفان جونیئر نے حاصل کی ،انہوںنے 1چھکے اور 2چوکوں کی مدد سے18رنز بنانے والے کمارا سنگارا کو 5ویں اوور3گیند پر پویلین کا راستہ دکھایا۔ملتان سلطانز کی دوسری وکٹ 52 کے اسکور پر گر گئی ، صہیب مقصود جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش میں 11رنز پر ہی آئوٹ ہوگئے ، انہوں نے اس دوران ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا ،یہ وکٹ عثمان خان کے حصے میں آئی۔کراچی کنگز کے لئے تیسرا شکار کپتان عماد وسیم نے اوپنر احمد شہزاد کا کیا ،2چھکے اور 1چوکے کی مدد سے 24رنز بنائے والے بیٹسمین کو بولر نے وکٹ کیپر کی مدد سے قابو کیا تو ملتان سلطانز کی 3وکٹیں 53رنز پر گر گئیں۔ملتان سلطانز کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی کیرون پولارڈ تھے ،3رنز بنانے والے بیٹسمین کی وکٹ شاہد آفریدی کے حصے میں آئی۔کراچی کنگز کو پانچویں وکٹ سیف بدر کی ملی،1چھکے اور 1چوکے کی مدد سے 13رنز بنانے والے بیٹسمین کو شاہد آفریدی نے بولڈ کیا ۔تجربہ کار شاہد آفریدی نے ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کو اپنا تیسرا شکار بنایا ،جو بغیر کسی بائونڈری کے 6رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ، تو ٹیم کا اسکور 6وکٹ پر 79رنز تھا۔مشکلات میں گھری ملتان سلطانز کی 7وکٹ 86پر گری ،2رنز بنانے والے ولجیون رن آئوٹ ہوئے، 98 کے اسکور پر 5 گیندوں پر 2رنز بنانے والے عمران طاہر کو محمد عامر نے کلین بولڈ کیا۔

 

 

error: Content is protected !!