پاکستان سکواش فیڈریشن عہدیداران کی پریس کانفرنس،تین بین الاقوامی ایونٹس کی نوید سنا دی

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام مردوں کے دو اور خواتین کے ایک بین الاقوامی ٹورنامنٹ کااسلام آباد میں انعقاد ہونے جا رہا ہےجس میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شرکت کر رہے ہیں۔اس حوالے سے پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری طاہر سلطان نے نائب صدر قمر زمان،آفتاب قریشی،حسین حدوائی اور عامر اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف آف دی ایئر سٹاف سکواش ٹورنامنٹ میں مردوں اور خواتین کا ایونٹ مصحف سکواش کمپلکس میں یکم اپریل سے پانچ اپریل تک کھیلا جائیگا۔اس ٹورنامنٹ میں مردوں کے ایونٹ کی انعامی رقم 30ہزار ڈالر جبکہ خواتین کے ایونٹ کی انعامی رقم 10ہزار ڈالرہے۔دریں اثناہواوے بین الاقوامی مینز سکواش ٹورنامنٹ 6سے10اپریل تک مصحف سکواش کمپلکس میں کھیلا جائیگا ،اس ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 20ہزارڈالر ہے۔  مردوں کے ایونٹس میں مصر،ایران،ہانگ کانگ،کویت،سپین،آئر لینڈ،جنوبی کوریا،سوئٹزر لینڈ،جنوبی افریقہ،بیلجیئم،جرمنی،سکاٹ لینڈ اور زمبابوے کے کھلاڑی شرکت کرینگے۔

خواتین کے ایونٹ میں سات غیر ملکی کھلاڑی شرکت کرینگی۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی طرف سے ایک سال سے گرانٹ نہیں ملی تاہم سپانسر کی مدد سے یہ بین الاقوامی ایونٹس کروانے جا رہے ہیں۔ کارپوریٹ سیکٹر بھرپور ساتھ دے رہا ہے۔قمر زمان نے کہا کہ سکواش فیڈریشن بھرپور کوشش کر رہی ہے کہ نوجوان کھلاڑی سامنے آ کر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔آفتاب قریشی نے کہا کہ اکیڈمیز سے نوجوان کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں جو کہ مستقبل کا قیمتی سرمایہ ہے۔حسین حدوائی نے کہا کہ سرینہ ہوٹل کھلاڑیوں کی رہائش اور کھانے پینے میں مدد کریگا۔ہم نے کراچی کے ایونٹ کو بھی سپانسر کیا تھا۔

error: Content is protected !!