پاکستان میں جلد کرکٹ کی مکمل واپسی ہو گی، صدر علوی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ملک میں کرکٹ کا نہ ہونا زیادتی ہے، سکیورٹی اوردیگرانتظامات دیکھ کر پاکستان میں جلد کرکٹ کی مکمل واپسی ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قذافی سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے دوران کیا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا آخری ٹی ٹونٹی میچ پنک ڈے سے منسوب کیا گیا تھا، صدر مملکت نے شائقین میں ہزاروں کی تعداد میں پنک ربن اور شرٹس تقسیم کیں۔ تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی نے بھی شرکت کی۔صدر کا کہنا تھا کہ شوکت خانم میموریل ہسپتال یا کینسر کا علاج کرنیوالے جتنے بھی ادارے ہیں سب کا یہی کہنا ہے کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، پچاس فیصد سے بھی زیادہ، دنیا میں پچانوے سے اٹھانوے فیصد تک بریسٹ کینسر کا مکمل علاج ہے۔ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس کا پورشن پچاس فیصد تک رہ جاتا ہے کیونکہ یہاں تشخیص دیر سے کی جاتی ہے، پہلی سٹیج میں پتہ چل جائے تو اٹھانوے فیصد علاج ممکن ہے۔ اسی لئے ہم نے پنک ربن کا سلسلہ شروع کیا ہے، میں اپنی ماؤں بہنوں اور بیٹیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ مہینے میں ایک بار اپنا معائنہ خود ضرورکریں اگر کوئی گلٹی محسوس ہو تو پھر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کرکٹ کا نہ ہونا بڑی زیادتی تھی، مجھے امید ہے کہ سکیورٹی اوردیگرانتظامات دیکھ کر پاکستان میں جلد کرکٹ کی مکمل واپسی ہوگی۔

لاہور میں سپورٹس کیلئے ماحول بہت اچھا ہے، شائقین کرکٹ سے سٹیڈیم بھرا ہوا ہے، انگلینڈ اور آئرلینڈ کے وفود بھی پاکستان آئے ہوئے ہیں، امید ہے کہ سکیورٹی اوردیگرانتظامات دیکھ کر پاکستان میں جلد کرکٹ کی واپسی ہو جائیگی۔صدر نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے کچھ سینئر پلیئرز نہیں آسکے ان کی جگہ پر جونیئر کھلاڑیوں نے بہترین پرفارمنس کے ساتھ خود کو منوایا ہے ،پاکستانی قوم کھیلوں کی شوقین بالخصوص کرکٹ میں بہت زیادہ دلچسپی لیتی ہے، میں کرکٹ کے شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں،سری لنکن ٹیم پہلے بھی آچکی ہے، پی ایس ایل کیلئے بھی غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آچکے ہیں ، میں سمجھتا ہوں کہ اب یہ پکی شروعات ہو گئی ہے۔ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ جب کھلاڑی آتے ہیں تو ماحو ل کا پتہ چلتا ہے، دوسرے سیاح آتے ہیں تو بھی اندازہ ہوتا ہے کہ سیاحت کیلئے پاکستان محفوظ جگہ ہے، پچھلے دو سے تین سال کے دوران پاکستان میں ڈومیسٹک اور سیاحت میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شمالی علاقہ جات اور پختونخوا میں سیاحوں کے رش کی وجہ سے ٹریفک جام ہونا شروع ہوگئے ہیں کیونکہ پاکستان سے خوبصورت اور پاکستان سے بہتر دنیا کا کوئی خطہ نہیں ہے۔

error: Content is protected !!