پاکستان میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کے امکانات روشن

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکا کی جانب سے مثبت اشارے ملنے کے بعد ‏پاکستان میں 10 برسوں کے بعد ٹیسٹ میچز کے انعقاد کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ سری لنکا کرکٹ کی جانب سے دسمبر میں دونوں ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مثبت اشارے مل رہے ہیں۔‏سری لنکا کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں مختصر دورانیے کی کرکٹ کے لیے پاکستان کا دورہ کیا اور کراچی میں ون ڈے جب کہ لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی۔کامیاب سیریز کے بعد اب اس بات کے امکانات بڑھ گئے ہیں کہ شیڈول کے مطابق ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان میں ہی ہو گی۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز دسمبر میں شیڈول ہے اور اس سیریز میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

ایف ٹی پی میں شامل یہ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے لیے کراچی اور راولپنڈی سامنے آئے ہیں۔ ایک ٹیسٹ میچ کراچی جب کہ ایک ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔لاہور کے وینیو میں دسمبر کو موسم رکاوٹ ہے، دسمبر کے مہینے میں دھند پڑنے کے امکانات ہوتے ہیں جس کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے، اس لیے راولپنڈی کے وینیو کو زیر غور لایا گیا تاکہ میچ بلا تعطل مکمل ہو سکے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے وینیوز کے حوالے سے سری لنکا کو بھی اعتماد میں لے لیا ہے، اگر یہ سیریز شیڈول کے مطابق ہو جاتی ہے تو یہ دس برس سے زائد عرصے کے بعد پاکستان میں ہونے والی پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ آخری ٹیسٹ سیریز بھی 2009 میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ہوئی تھی اور اس دوران سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ تعطل کا شکار ہو گئی تھی۔

error: Content is protected !!