پاکستان ویمن ٹیم کی سری لنکا کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں جیت

کولمبو (سپورٹس لنک رپورٹ)جویریہ خان کی ریکارڈ ساز نصف سنچری کی بدولت پاکستان ویمن ٹیم نے سری لنکا ویمن کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، پاکستانی ٹیم نے 130 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 9 وکٹوں پر حاصل کیا، اس کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم نے بڑا ہدف حاصل کر کے نیا ملکی ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے ۔ گزشتہ روز کولمبو میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں سری لنکا ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے، سنجی وانی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 61 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہیں، نیلاکشی ڈی سلوا 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، ڈیانا بیگ اور ثنا میر نے 2، 2 اور ندا ڈار نے ایک وکٹ لی، جواب میں پاکستان ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، 19 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بسمعہ معروف اور جویریہ خان نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 79 تک پہنچا دیا، یہاں پر بسمعہ 42 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئیں، ندا ڈار ایک رن بنا سکیں، 96 کے سکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری جب کائنات امتیاز 5 رنز بنا کر چلتی بنیں، جویریہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی اور 52 رنز بنانے کے بعد کماری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئیں ، ثنا میر 9 رنز بنا سکیں ، غلام فاطمہ نے 6 اور ڈیانا نے 2 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلوائی۔ سوگن دیکا کماری نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

error: Content is protected !!