پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ میں جیت کے ساتھ آغاز

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)دورہ انگلینڈ کے پہلے پریکٹس میچ میں پاکستان نے کینٹ کاؤنٹی کرکٹ ٹیم کو 100 رنز سے بآسانی شکست دے دی، عماد وسیم نے برق رفتار سنچری اسکور کی۔بیکنہم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 358رنز بنائے۔عماد وسیم نے 78گیندوں کا سامنا کرتے چارچھکوں اور 13چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 117رنز بنائے جبکہ فخرزمان 76، حارث سہیل 75اور امام الحق 39رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔کپتان سرفراز احمد پانچویں نمبر بیٹنگ کرنے آئے اور 10رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے عمران قیوم نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ہیریس ، کلاسین اور اسنیٹر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں کینٹ کی ٹیم 258رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، ایلیکس بلیک نے 89 اور اولی رابنسن نے 49رنز بنائے۔یاسر شاہ نے 3، فہیم اشرف، حسن علی اور فخرزمان نے دو، دو جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

error: Content is protected !!