پاکستان کو ورلڈ کپ میں رہنے کیلئے بھارت کے خلاف جیتنا ہوگا، وقار یونس

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں شکست کے بعد بھارت کے خلاف مقابلے میں فتح کے لیے پاکستان کی ٹیم کو اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔سابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کیلئے لکھے گئے کالم میں اپنا نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے لکھا کہ جب بھی پاکستان بھارت سے کھیلتا ہے تو وہ بہت بڑا میچ ہوتا ہے لیکن اتوار کو ہونے والا میچ ورلڈکپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچز کے مقابلے میں پاکستانی ٹیم کے لیے بہت زیادہ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو ٹورنامنٹ میں رہنا ہے تو انہیں اپنی اے پلس پرفارمنس دے کر میچ جیتنا ہوگا، یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے جسے اربوں کی تعداد میں شائقین دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا بھارت کے خلاف ریکارڈ سب سے بدتر ہے اور اسے عالمی کپ کے تمام 6 مقابلوں میں روایتی حریف کے ہاتھوں شکست ہوئی لیکن وقار یونس کا ماننا ہے کہ وہ میچز ماضی کا حصہ بن چکے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان کا ریکارڈ ملا جلا ہے اور وہ سب تاریخ کا حصہ بن چکا ہے، یہ ایک نیا میچ ہوگا۔سابق کپتان نے آسٹریلیا کے خلاف 30 رنز کے عوض 5 وکٹیں لینے والے محمد عامر کی باؤلنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں دوسرے اینڈ سے سپورٹ نہیں مل رہی، انہوں نے نئی گیند سے بھی اچھی کارکردگی دکھائی اور اپنی تمام تر ورائٹی سے باؤلنگ کی۔انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں عامر ذہنی طور پر بہت مضبوط ہیں اور انہوں نے ثابت کیا کہ فارم آنی جانی چیز ہے لیکن کلاس ہمیشہ رہتی ہے، اس میں کوئی شک نہیں وہ ایک میچ ونر ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج کا میچ 16 جون کو مانچسٹر کے اولڈ ٹرفرڈ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!