پاک جیم خانہ فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ زون IVکی فاتح ٹرافی لے اڑی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاک جیم خانہ نے ماڈرن جیم خانہ کو باآسانی 78رنز سے شکست دے کر دوسرا فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ کی فاتح ٹرافی کو اپنے شوکیس کی زینت بنالیا۔ ولید احمد کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا فتح میںکلیدی کردار رہا۔انہوں نے 44رنز بنائے اور 4وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔اختیار علی شاہ کی41رنز کی اننگز اور اختر علی کی 3وکٹیں رائیگاں گئیں۔پاک اسٹار گراؤنڈ ملیر کی سرسبز فیلڈ پر پاک جیم خانہ اور ماڈرن جیم خانہ کی ٹیمیں جو بالترتیب سیمی فائنل میں ملیر جیم خانہ اور برائٹ سی سی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی تھیں۔پی سی بی کے زیر اہتمام اور کے سی سی اے زونIV کے زیر نگرانی جاری ایونٹ میں پاک جیم خانہ نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 35اوورز میں 9وکٹوں پر 182رنز کی اننگز کھیل۔ ولید احمد نے 44رنز میں 4چوکے اور عثمان عثمانی نے 25رنز میں 2چوکے رسید کئے۔ یاسر مشتاق کے 24رنز میں 3چوکے اور ایک چھکا ، فیصل امین کے 23رنز میں 2چھکے اور ایک چوکا جبکہ انور خان نے 3چوکے لگا کر 20رنز کی اننگز کھیلی۔ ذاکر رحمن نے 22رنز پر 2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ماڈرن جیم خانہ جوابی اننگز میں 28اوورز میں 104رنز بنا کر پویلین سدھار گئی۔ اختیار علی شاہ نے 5چوکوں کی مدد سے 41اور ارشد اقبال نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر 17رنز اسکور کئے۔ دیگر کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ ولید احمد نے عمدہ بیٹنگ کے بعد 15رنز پر 4کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ عثمان عثمانی نے 11رنز پر 3کھلاڑیوں کو کریز چھوڑنے پر مجبور کیا اوراسامہ صدیقی کو 25رنز پر 2شکار کرنے کا موقع ملا۔ایمپائرز امتیز اقبال اور عزیز الرحمن جبکہ سید مصطفی عالم آفیشل اسکورر تھے۔کے سی سی اے زونIVکے صدر، امتیاز احمد نے ایونٹ میں شریک 44ٹیموں کو نظم وضبط کے ساتھ ایونٹ کا حصہ بننے اور ایمپائرز ، اسکورر اور گراؤنڈ اسٹاف کا بھرپور تعاون ملنے پر ان سے اظہار تشکرکرتے ہوئے کہا کہ آ پ سب کی محنت اور اخلاص کے باعث کے سی سی اے زونIVکو ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کا اعزاز حاصل ہواہے۔امتیاز احمد نے توصیف صدیقی سمیت تمام کرکٹ لورز کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ سب کی مشترکہ محنت کا ثمر ایونٹ کی کامیابی کی صورت میں ہمیں ملا ہے جس پر سب قابل تحسین و مبارکباد ہیں۔

error: Content is protected !!