پاک فضائیہ نے سری لنکا ائیر فورس کے خلاف ایشین سٹائل کبڈی سیریز جیت لی

 

اسلام آبا(سپورٹس لنک رپورٹ )پاک فضائیہ نے پی اے ایف سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں تین میچوں پر مشتمل ایشین سٹائل کبڈی سیریز میں سری لنکا ائیر فورس کو شکست دے کرسیریز اپنے نام کر لی۔ یہ سیریز پی اے ایف اور سری لنکا ائیر فورس کے مابین سپورٹس ایکسچینج پروگرام کے سلسلے میں کھیلی جانے والی ایک کڑی تھی۔ پاک فضائیہ نے پہلا میچ ایک سخت مقابلے کے بعد 35-32 سے جیتا۔ دوسرا میچ بھی میزبان ٹیم نے ایک بڑے فرق کے ساتھ 52-36 سے اپنے نام کر لیا۔ تاہم سری لنکن فضائیہ کی ٹیم نے آخری میچ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ 26-26 سے برابر کر دیا۔ میزبان ٹیم نے سیریز اپنے نام کر لی جہاں پرجوش شائقین کی ایک بڑی تعداد نے اس روایتی کھیل کو دیکھا۔پاک فضائیہ کی جانب سے عثمان خالداور ارسلان میتلا نے غیرمعمولی کھیل پیش کیا جبکہ سری لنکن فضائیہ کی جانب سے کروپو اور رتھانائیکے نے شاندار کبڈی کا مظاہرہ کیا۔ پاک فضائیہ پہلی مرتبہ پی اے ایف اور سری لنکا ائیر فورس کے مابین سپورٹس ایکسچینج پروگرا م کے سلسلے میں کھیلی جانے والی ایشین سٹائل کبڈی سیریز کی میزبانی کر رہی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پچھلے سال سری لنکا ائیر فورس کی فٹبال ٹیم پاک فضائیہ کی ٹیم سے ایک دوستانہ باہمی سیریز کھیلنے کے لئے پاکستان کا دورہ کر چکی ہے۔

error: Content is protected !!