قائد اعظم گیمز پیسے کا ضیاع نہیں،قومی وحدت کا نشان ہیں،اختر گنجیرا

اسلام آباد (نواز گو ھر) پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے کہا ہے کہ قائد اعظم گیمز پیسوں کاضیاع نہیں قومی وحدت کا نشان ہیں اس سے نیا ٹیلنٹ اُبھرے گا جبکہ قائد اعظم گیمز کی افتتاحی تقریب آج شایان شان انداز میں منعقد کی جائے گی جس میں چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ۔ آفیشلزاور ٹیکنیکل آفیشلزمارچ پاسٹ میں حصہ لیں گے افتتاحی تقریب میں چاروں صوبوں کے ثقافتی رنگ بھی اُجاگر کئے جائیں گے۔دوسرے قائد اعظم گیمز میں ملک بھر سے 3700سے زائد کھلاڑی 20یونٹس میں حصہ لیں گے ۔ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے اتوارکو ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب محمد حفیظ بھٹی، ڈائریکٹر سپورٹس بلوچستان غفور بلوچ،ڈائریکٹر سپورٹس کے پی کے سید محمد ثقلین شاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹرسندھ ارشاد علی کے ہمراہ پی ایس بی میڈیا سینٹراسلام آباد میں قائد اعظم گیمز کے حوالے سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ قائد اعظم گیمز در اصل پلاننگ کمیشن آف پاکستان سے منظور شدہ ایک پر اجیکٹ ہے جسکا باقاعدہ پی سی ون بنایا گیا ہے جسکے تحت پانچ سال تک ان گیمز کا انعقاد کیا جانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلی قائد اعظم گیمز کا سپیشل آڈٹ مکمل ہو چکا ہے جسکے بعد ہی ان دوسری قائد اعظم گیمز کے لئے بجٹ کی یقین دہانی کرائی گئی۔ڈاکٹر گنجیرا نے بتایا کہ پی ایس بی نے ان گیمز کے لئے اس بار 17کروڑ روپے کا بجٹ مانگا تھا تاہم پلا ننگ کمیشن نے 13کروڑ روپے کے بجٹ کی حامی بھر ی ہے ۔جن میں کچھ جاری ہو گیا ہے اور باقی بھی انشاء اللہ مل جائے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ان گیمز کے لئے مدعو کئے گئے وفاق پاکستان کے تمام یونٹس کے کھلاڑی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جنہیں راولپنڈی اور اسلام آباد کے ہو ٹلز میں ٹھہرانے کا انتظام کے ساتھ ساتھ انہیں گیمز کے لئے سٹیڈیم لانے اور ہوٹل لے جانے کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے تاکہ انہیں ہوٹلز سے پاکستان سپورٹس کمپلیس آنے جانے میں دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ایونٹ کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے سیکورٹی اداروں اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس انکے ساتھ مکمل رابطے میں اور کھلاڑیوں کی سیکورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اس ضمن میں پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں مانیٹرنگ روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے بتایا کہ گیمز کسی ایک ادارہ کی محتاج نہیں ہوتیں،سب سٹیک ہولڈرگیمز کروانے کے پابند ہیں۔صوبوں نے اپنی ٹیموں کی سلیکشن کی ہے،گیمز کے سٹینڈرڈ کے مطابق کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنا پٹرتی ہیں،ان گیمز کا مقصد کھیلوں کے ذریعہ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا اور نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانا ہے،نیشنل گیمزپی او اے کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم گیمز کی افتتاحی تقریب آج سہ پہر تین بجے ہوگی ، سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی ہونگے،افتتاحی تقریب میں تمام ٹیمیں مارچ پاسٹ میں حصہ لیں گی،ثقافتی شو کے ذریعہ چاروں صوبوں کی ثقافت کو اُجاگر کیا جائے گا،کلچر ل شو میں صنم ماروی اور ملک علی ملکو بھی پرفارم کریں گے جبکہ اس موقع پر ٹارچ روشن کرنے کی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایونٹ کو پاکستان ٹیلی ویثرن سپورٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

error: Content is protected !!