پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ ملتان ڈویژن نے جیت لیا


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ ملتان ڈویژن نے جیت لیا، فائنل میں ملتان ڈویژن کی ٹیم نے ساہیوال ڈویژن کی ٹیم کو 5-4سے شکست دی، میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا، دونوں ٹیموں نے شاندار کا مظاہرہ کیا، پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان تیمور خان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

تفصیلات کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام اور پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے تعاون سے پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ کا فائنل بدھ کی شب پنجاب سٹیڈیم میں ملتان اور ساہیوال ڈویژنز کے درمیان کھیلا گیا، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان تیمور خان تھے، فائنل میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ،دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر بھرپور حملے کئے مگر مقررہ وقت میں کوئی ٹیم بھی گول نہ کرسکی، اس طرح میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا، ملتان ڈویژن کی ٹیم نے ساہیوال ڈویژن کی ٹیم کو 5-4سے شکست دیدی

ملتان کے کھلاڑیوں نے تمام ککس پر گول کئے ،ساہیوال کی ٹیم ایک پنلٹی کک پر گول نہ کرسکی یوں ملتان کی ٹیم فاتح قرار پائی۔ صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان تیمور خان نے پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ کی فاتح ملتان کی ٹیم کو ٹرافی اور ایک لاکھ 80ہزار روپے کیش انعام جبکہ ساہیوال کی ٹیم کو رنر اپ ٹرافی اور 90ہزار روپے کا کیش انعام دیا، ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی ملتان کے عدنان جسٹن قرار پائے

لاہور کے محمد اویس کو بہترین گول کیپر اور ساہیوال کے حماد سجاد کو سب سے زیادہ گول کرنے کا ایوارڈ دیا گیا۔ فیئر پلے کا ایوارڈ فیصل آباد ڈویژن کی ٹیم کو دیا گیا، صدر پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن سردار نوید حیدر نے صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن فیصل صالح حیات کی جانب سے صوبائی وزیر کھیل تیمور خان ، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، شاہد نظامی کو شیلڈز پیش کیں،صوبائی وزیر کھیل تیمور خان اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے سیکرٹری پاکستان فٹ بال فیڈریشن کرنل (ر) احمد یار خان لودھی اور پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر کو شلیڈز دیں۔

error: Content is protected !!